رسائی کے لنکس

اوباما انتظامیہ مسلمانوں کے لیئے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے: فرح پنڈت


اوباما انتظامیہ مسلمانوں کے لیئے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے: فرح پنڈت
اوباما انتظامیہ مسلمانوں کے لیئے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے: فرح پنڈت

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کی خصوصی نمائندہ برائے مسلم کمیونٹیز فرح پنڈت کہتی ہیں کہ اوباما انتظامیہ مسلم ممالک کے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

2009ءمیں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کےبعد صدر اوباما نے دنیا بھر کے مسلمانوں سےخطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ وہ مسلم دنیا سے باہمی اعتماد کا رشتہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے گزشتہ سال پہلی بارعالمی سطح پر مسلم کمیونٹیز کے لیے اپنے خصوصی نمائندہ کے عہدے کا اعلان کیا جس پر کشمیری امریکن مسلمان خاتون فرح پنڈت کو فائز کیا گیا۔

وائس آف امریکہ کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں فرح پنڈت نے کہا کہ اوباما انتظامیہ کا ہر شعبہ اس ایجنڈا پر کام کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کے ذریعے مسلم ممالک کے عوام کے ساتھ پارٹنر شپ قائم کی جا سکے۔وہ کہتی ہیں کہ قاہرہ میں صدر اوباما کے خطاب سے لوگوں نے جو امیدیں وابستہ کی تھیں انہیں عملی جامہ پہنانے کے لئے مختلف پروگرامز چلائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ صدر اوباما خارجہ پالیسی کے ان حصوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جو بہت سے لوگوں کے لیے بڑی اہمیت رکھتے ہیں ،مثلا مشرق وسطی کے تنازعے کا پر امن حل۔

فرح پنڈت نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انہوں نے دنیا کے 29 مختلف ممالک کا دورہ کیا ہےاور ان کی کوشش رہی ہے کہ مسلمان نوجوان خواہ وہ مسلم اکثریتی ممالک سے تعلق رکھتے ہوں یا اپنے ملک میں اقلیت میں ہوں، ان کے خیالات کو سامنے لایا جائے اور ایک فعال شہری بننے کی کوششوں میں ان کے مدد کی جائے۔

پنڈت پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں رہنے والے افراد کا ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کو اپنی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک جیسے منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں افراد آپس میں اپنے تجربات اور وسائل کا تبادلہ کر سکتے ہیں اور صحت، تعلیم، اور سماجی بہبود کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

فرح پنڈت نے اس سال کے آغاز میں پاکستان کا دورہ بھی کیا جس میں انہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کے خیالات اور مسائل معلوم کیے۔

امریکہ میں حالیہ کچھ عرصے میں مسلمانوں کو مساجد کی تعمیر خاص طور پر نیو یارک میں گراؤنڈ زیرو کے نزدیک اسلامک سینٹر کے قیام کے سلسلے میں س جو مشکلات پیش آ رہی ہیں ، اس پر فرح پنڈت کا کہنا ہے کہ امریکہ میں آئین اور مذاکرات کی بنیاد باہمی احترام ہے اور انہیں امید ہے کہ لوگ بھی اسی اصول کو اپنا ہر مسئلہ باہمی گفت وشنید کے ذریعے حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

مسلم کمیونیٹز کے لیے امریکی وزیر خارجہ کی خصوصی نمائندہ فرح پنڈت کا کہنا تھا کہ انہیں امریکہ میں ایک مسلمان خاتون ہونے کے ناطے کوئی دقت محسوس نہیں ہوئی۔

XS
SM
MD
LG