رسائی کے لنکس

امریکہ بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے: صدر اوباما


نئی دہلی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر براک اوباما اور وزیرِاعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ یہ دورہ تجارت، دفاع اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر پیش رفت کے لیے بہت اہم ہے۔

امریکہ اور بھارت نے کہا ہے کہ انھوں نے سول جوہری ٹیکنالوجی میں تعاون کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔

بھارت کے دورے پر آئے ہوئے امریکی صدر براک اوباما نے اتوار کو نئی دہلی میں میزبان وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ دورہ تجارت، دفاع اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر پیش رفت کے لیے بہت اہم ہے۔

بھارتی وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات "ایک نئی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔"

امریکہ کے صدر براک اوباما بھارت کے تاریخی دورے پر اتوار کی صبح نئی دہلی پہنچے تھے۔

نئی دہلی کے ہوائی اڈے پر بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے مہمان صدر اور خاتون اول مشیل اوباما کا استقبال کیا۔

امریکی صدر کے دورہ بھارت کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ نئی دہلی میں پولیس اور فوج کے تقریباً پچاس ہزار اہلکاروں کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ پندرہ ہزار سکیورٹی کیمرے نصب کر کے پورے شہر کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

صدر اوباما 2010ء میں بھی بھارت کا دورہ کر چکے ہیں اور یہ ان کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔

امریکی صدر نے اتوار کو نئی دہلی میں ایک مصروف دن گزارا جس میں صدارتی محل میں باقاعدہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ باضابطہ مذاکرات بھی شامل رہے۔

پیر کو امریکی صدر بھارت کے یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں شرکت کے علاوہ بھارت اور امریکہ کی معروف کاروباری شخصیات کی ایک تقریب سے خطاب کریں گے جب کہ دورے کے آخری روز وہ دونوں ملکوں کے تعلقات سے متعلق اپنے لائحہ عمل پر مبنی تقریر کریں گے۔

اوباما پہلے امریکی صدر ہیں ہیں جو یوم جمہوریہ کی تقریب میں شریک ہو رہے ہیں۔

انھوں نے منگل کو آگرہ میں تاریخی تاج محل کی سیر کے لیے بھی جانا تھا لیکن اب یہ پروگرام منسوخ کر دیا گیا ہے اور امریکی صدر یہاں سے سعودی عرب جائیں گے جہاں وہ سابق سعودی فرمانروا عبداللہ بن عبدالعزیز کی وفات پر تعزیت کریں گے۔

XS
SM
MD
LG