صدر براک اوباما نے امریکی عوام سے کہا ہے کہ وہ ملک کے سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
امریکہ میں سابق فوجیوں کا دن منگل کو منایا جا رہا ہے لیکن اوباما نے ہفتہ کو اپنے ہفتہ وار خطاب کو ملک کے ان مرد وخواتین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے استعمال کیا جنہوں نے فوج میں رہ کر ملک کی خدمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کی آزادی کا تحفظ کرنے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے تمام تر نگہداشت اور مواقع کے حق دار ہیں اور انھیں یہ دیے جائیں۔
صدر اوباما کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے سے اس فرض کی شروعات ہوتی ہے کہ امریکہ کے لیے عظیم قربانیاں دینے والوں اور ان کے خاندان کیا خیال رکھا جائے۔
انھوں نے صحت عامہ، معذوروں کی بحالی، تعلیم اور روزگار کی کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا۔
ریپبلکن پارٹی کی طرف سے ہفتہ وار خطاب کرتے ہوئے ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بوہنر نے بھی سابق فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ " ایسے میں جب ہم ان کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں، آئیں ہم یہ عزم کریں کہ ان سے اور ان کے خاندانوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرسکیں۔"