رسائی کے لنکس

صدر اوباما کا وہائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر


صدر براک اوباما بدھ کی شام وہائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کررہے ہیں۔
صدر براک اوباما بدھ کی شام وہائٹ ہاؤس میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کررہے ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکی مسلمانوں نے امریکہ کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

بدھ کی شب وہائٹ ہاؤس میں واشنگٹن میں تعینات مسلم ممالک کے سفارت کاروں اور امریکہ کی نمایاں مسلم شخصیات کے اعزاز میں سالانہ افطار عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دیگر کئی مذاہب کی طرح اسلام بھی ہمیشہ سے ہی امریکی معاشرہ کا ایک حصہ رہا ہے۔

صدر اوباما نے کہا کہ امریکی مسلمان ہر شعبے میں امریکہ کی مضبوطی اور استحکام کے لیے کام کرتے آئے ہیں اور خصوصاً گزشتہ 10 برسوں میں ان کا کردار اس بیان کی سچائی کا ثبوت فراہم کرتا ہے۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکی مسلمان پولیس آفیسرز اور فائر فائٹرز کی حیثیت سے ہماری آبادیوں کی حفاظت کر رہے ہیں جبکہ کئی امریکی مسلمان انتظامیہ کا حصہ بن کر ارضِ وطن کو محفوظ بنانے اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں شریک ہیں اور شہری حقوق اور جمہوری آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں 11 ستمبر 2001ء کےحملوں میں ہلاک ہونے والے مسلمانوں کا بطورِ خاص ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گیارہ ستمبر کے سانحہ میں مرنے والوں میں کئی محبِ وطن امریکی مسلمان بھی شامل تھے جبکہ ان کے بقول 'ٹوئن ٹاورز' سے ٹکرانے والے طیاروں میں بھی کئی معصوم مسلمان سوار تھے۔

صدر نے اپنے خطاب میں ان امریکی مسلمانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے گیارہ ستمبر کے حملوں کے بعد امریکی فوج میں شمولیت اختیار کی اور ان کے بقول "عراق اور افغانستان کی جنگوں میں شرکت کی اور اپنی جانیں دیں"۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ اسلام انصاف سے ہر قیمت پر وابستہ رہنے اور تمام انسانوں کے ساتھ بہتر سلوک کا درس دینے والا مذہب ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں مقیم لاکھوں مسلمانوں سمیت دنیا میں بسنے والے ایک ار ب مسلمانوں کے لیے رمضان تسکین اور عبادت کا مہینہ ہے۔

XS
SM
MD
LG