رسائی کے لنکس

صدر اوباما دورہ ایشیا کے لیے روانہ


جمعہ کو امریکی صدر جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے کے ہمراہ ہیروشیما کا تاریخی دورہ کریں گے۔

امریکہ کے صدر براک اوباما ہفتہ کو ایشیا کے دو ملکوں کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں جس میں وہ دنیا میں جوہری حملے کا نشانہ بننے والے اولین شہر ہیروشیما میں بھی کچھ دیر کے لیے قیام کریں گے۔

اوباما کا دورہ ویتنام اور جاپان 21 سے 28 مئی تک جاری رہے گا جو کہ ایشیا کا ان کا دسواں دورہ ہے۔

وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق یہ دورہ ایشیا اور بحرالکاہل کے لیے اوباما کے عزم اور خطے کے ملکوں اور عوام کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور سلامتی کے امور پر امریکی پیش رفت کو اجاگر کرے گا۔

صدر اوباما پیر کو ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی پہنچے گے جہاں وہ ملک کی قیادت کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ اس میں توقع ہے کہ سلامتی اور اقتصادیاتی امور زیر بحث آئیں گے۔

ہنوئی میں اوباما امریکہ اور ویتنام کے تعلقات پر خطاب بھی کریں گے۔

اس دورے میں اوباما بین البحرالکاہل شراکت داری سے متعلق معاہدے کی اہمت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

امریکی صدر بدھ کو جاپان روانہ ہوں گے جہاں وہ جی-سیون کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

جمعہ کو وہ جاپان کے وزیراعظم شنزو ایبے کے ہمراہ ہیروشیما کا تاریخی دورہ کریں گے۔

اس شہر پر جنگ عظیم دوئم کے خاتمے سے کچھ عرصہ قبل امریکہ نے جوہری بم گرایا تھا جس کے نتیجے میں ایک لاکھ چالیس ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پہلے حملے کے تین روز بعد ہی ایک اور ساحلی شہر ناگاساکی پر دوسرا ایٹم بم گرایا گیا جو ستر ہزار اموات کا سبب بنا۔

XS
SM
MD
LG