رسائی کے لنکس

شام میں جنگ کے خاتمے کے لیے روس کی حمایت پر 'اعتماد' نہیں: اوباما


صدر براک اوباما نے اس بات پر شدید شکوک کو شبہات کا اظہار کیا ہے کہ آیا شام کی خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے امریکہ، روس پر بحیثیت شراکت دار اعتماد کر سکتا ہے۔

جمعرات کو پینٹاگان میں قومی سلامتی کونسل کے ساتھ داعش کے خلاف جنگ کے امور پر تبادلہ خیال کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں صدر اوباما نے کہا کہ "میں اس بارے میں پراعتماد نہیں ہوں کہ ہم روس اور ولادیمر پوٹن پر اعتماد کر سکتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم یہ ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں کہ آیا ہم جنگی کارروائیوں کو دراصل ختم کر بھی سکتے ہیں یا نہیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ شاید روس بھی شام میں تشدد کے خاتمے میں مدد کے قابل نہیں، "یوں بھی ہو سکتا ہے کہ وہ یہ نہ چاہتا ہو یا اس کا بشار الاسد پر مناسب اثر و رسوخ نہ ہو۔"

شام کی حکومت اپنے روسی اتحادیوں کے ساتھ مل کر باغیوں کے زیر تسلط حلب شہر اور اس کے گردو نواح میں لڑائی لڑ رہی ہے۔ اس جنگ کو دو ماہ سے زائد ہو گئے ہیں اور انسانی حقوق پر نظر رکھنے والی تنظیم 'سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق گزشتہ 80 دنوں میں یہاں چھ ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔

صدر اوباما کا کہنا تھا کہ "ہم بہت واضح ہیں کہ روس ایک قاتل حکومت اور انفرادی شخصیت کی حمایت کرتا آیا ہے، بشار الاسد کی جس نے صرف اقتدار میں رہنے کے لیے اپنے ملک کو تباہ کر دیا۔'

صدر نے کہا کہ شام میں پرتشدد کارروائیوں بشمول فضائی بمباری اور شہریوں کو ہلاک کرنے کے دیگر طریقوں کا خاتمہ ضروری ہے۔

گزشتہ دو سال سے امریکہ عراق اور شام میں داعش کو شکست دینے کے لیے مقامی فورسز کی حمایت کرتا آرہا ہے۔

XS
SM
MD
LG