امریکہ کی سینٹرل کمانڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ عراقی فوج اور کرد فورسز ’داعش‘ کے جنگجوؤں کے زیر قبضہ علاقے کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی اپریل یا مئی میں کی جا سکتی ہے۔
ایک عہدیدار نے نام نا ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس کارروائی میں حصہ لینے والے فوجیوں کی تعداد 20 سے 25 ہزار ہو گی۔ بتایا جاتا ہے کہ موصل میں ’داعش‘ کے دو ہزار جنگجو موجود ہیں جنہوں نے شہر پر قبضہ کر رکھا ہے۔
داعش نے گزشتہ سال جون میں موصل پر قبضہ کیا تھا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ’فائیو عراقی بریگیڈ‘ اس کارروائی میں حصہ لے گی جب کہ تین دیگر چھوٹی بریگیڈ کی بھی اُسے معاونت حاصل ہو گی اور کرد فورس ’پیش مرگہ‘ کی تین بریگیڈ بھی موصل پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں مدد کریں گی۔
عہدیدار کے مطابق امریکہ کی طرف سے تاحال یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ کیا اس کارروائی میں عراق میں موجود امریکی فوجی مشیر بھی فورس کی مدد کے لیے بھیجے جائیں گے یا نہیں۔
شام اور عراق کے علاقے پر قابض داعش کے ٹھکانوں پر امریکہ کی زیر قیادت اتحادی ممالک کی طرف سے 2400 سے زائد فضائی کارروائیاں بھی کی گئیں جس سے عہدیداروں کے مطابق شدت پسند تنظیم کو نقصان پہنچا ہے جب کہ امریکی فورسز عراقی فوج کو ملک میں پانچ مختلف مقامات پر تربیت بھی فراہم کر رہی ہیں۔