رسائی کے لنکس

او آئی سی: اسلام مخالف فلم کے خلاف قرارداد منظور


پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر (فائل فوٹو)
پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر (فائل فوٹو)

پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے مسلمان ملکوں پر زور دیا کہ وہ ایسے مذہب مخالف اقدامات کے خلاف قانون سازی کریں۔

نیویارک میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ امریکی فلم ساز کی بنائی گئی اسلام مخالف فلم کے خلاف مذمتی قرارداد کو منظور کر لیا ہے۔

پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اسلامی کانفرنس تنظیم ’او آئی سی‘ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے مسلمان ملکوں پر زور دیا کہ وہ ایسے مذہب مخالف اقدامات کے خلاف قانون سازی کریں۔

متفقہ طور پر منظور کی گئی اس قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اس ’شرمناک‘ کوشش سے دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

ہفتہ کو پاکستانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق قرارداد میں فلم کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری کو آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کام کرنے والے عناصر کی مذمت کرنی چاہیے۔ ’’ہمیں عالمی سطح پر تمام مذاہب کے لیے احترام کو فروغ دینا چاہیے، کیونکہ مذاہب مختلف اقوام کے درمیان پل کا کام کرتے ہوئے انھیں قریب لانے کا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔‘‘

قرار داد میں دنیا میں امن و ہم آہنگی کے لیے مختلف مذاہب، ثقافتوں اورتہذیبوں کے درمیان تعاون، افہام وتفہیم اور بات سے چیت سے مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔

رواں ماہ ایک امریکی فلم ساز نے اسلام مخالف فلم کی جھلکیاں یوٹیوب پر نشر کی تھیں جس کے بعد دنیا بھر میں مسلمان ملکوں میں شدید غم وغصے کا اظہار دیکھنے میں آیا۔

پاکستان سمیت بعض ملکوں میں پرتشدد مظاہرے بھی کیے گئے اور لیبیا میں مشتعل مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر دھاوا بولتے ہوئے امریکی سفیر سمیت چار سفارتی اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔
XS
SM
MD
LG