خلیج میکسیکو میں موسمی طوفان کے تیل کی کھدائی کے علاقے سے ہٹ کر تیل کی فراہمی کو کوئی گذند پہنچائے بغیر گذرنے کی پیش گوئیوں کے بعد منگل کے روز تیل کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ہوئی۔
نیویارک کی مرکنٹائل ایکس چینج میں اگست کے لیے خام تیل کی فراہمی کے سودے 2.6 فی صد یعنی دو ڈالر ایک سینٹ کمی کے بعد 76 ڈالر 24 سینٹ فی بیرل پر ہوئے۔
موسمیات کی پیش گوئیوں میں کہا گیا ہےکہ موسمی طوفان ایکس ، جواس وقت کربیئن کے علاقے میں ہے، آنے والے دنوں میں امریکہ میکسیکو سرحد سے ٹکرائے گا اور وہ خلیج کے شمالی حصے میں تیل کی کھدائی کی بڑی تنصیبات سے دور رہے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں کو منگل کے روز یورپی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کے باعث بھی زد پہنچی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیچھے ایک اور عنصر یورو کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ بھی ہے ۔
تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ تیل کی قیمتں اس وجہ بھی دباؤ میں ہیں کہ چین کی معیشت میں اس تیز رفتاری سے اضافہ نہیں ہورہا جتنا کہ اس سے قبل توقع کی جارہی تھی۔چین دنیا میں تیل کا سب سے بڑا صارف ہے۔
نیویارک میں قائم ایک ریسرچ گروپ’ کانفیڈنس بورڈ ‘کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل میں چینی معیشت میں 0.3 فی صد کا اضافہ ہوا جب کہ اس سے قبل 1.7 فی صد اضافے کا اندازہ لگایا گیاتھا۔