رسائی کے لنکس

امریکہ: ریاست ٹیکساس کی کمپنی میں ملازم کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، 5 زخمی


مشتبہ شخص کینٹ مور کیبنٹ کمپنی کا ملازم ہے جہاں اس نے فائرنگ کی۔
مشتبہ شخص کینٹ مور کیبنٹ کمپنی کا ملازم ہے جہاں اس نے فائرنگ کی۔

امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں کیبنٹ بنانے والی کمپنی میں کام کرنے والے ایک شخص کی فائرنگ سے ملازم ہلاک جب کہ 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

واقعہ جمعرات کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر براین میں پیش آیا ہے۔

ٹیکساس پولیس کے مطابق فائرنگ کے الزام میں 27 سالہ نوجوان لیری ونسٹن بولین کو حراست میں لیا گیا ہے جسے حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے۔

براین کے پولیس چیف ایرک بوسکے نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ شخص کینٹ مور کیبنٹ کمپنی کا ملازم ہے جہاں اس نے ساتھی ملازمین پر فائرنگ کی۔

انہوں نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کرنے والے افسران کا خیال ہے کہ دوپہر 2:30 بجے کے قریب پیش آنے والے واقعے کا ذمہ دار مکمل طور پر مشتبہ شخص ہی ہے جو پولیس افسران کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے قبل فرار ہو گیا تھا۔

ٹیکساس ڈپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ملزم نے کیبنٹ کمپنی میں فائرنگ کرنے کے بعد ایک پولیس اہلکار کو بھی نشانہ بنایا تھا جو ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ٹیکساس فائرنگ کا واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو ہی 'گن وائلنس' کو روکنے کے لیے انتظامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ ماہ امریکی شہر ایٹلانٹا میں ایک مساج پارلر اور ریاست کالوراڈو کے قصبے بولڈر میں اشیائے خور و نوش کے اسٹور میں فائرنگ کے واقعات کے درمیان، امریکہ میں فائرنگ کے دیگر 850 مزید واقعات رونما ہوئے، جن میں لگ بھگ 250 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہوئے۔

ٹیکساس میں جمعرات کو فائرنگ کرنے والے مبینہ ملزم کے جیل ریکارڈ کے مطابق ملزم پہلے بھی قتل کے الزام میں ایک مقدمے میں نامزد ہے۔

ٹیکساس کی کاؤنٹی گرائمز کے شیرف ڈون سوویل کا کہنا ہے کہ حملے کے دو گھنٹے بعد مشتبہ شخص کو بیڈاس شہر سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ تفتیش کار تاحال حملے کہ وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے کیبنٹ کمپنی میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک اور زخمی افراد اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹیکساس کے محکمۂ پبلک سیفٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں جن کی کوششوں کی بدولت ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اسپتال کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کیبنٹ کمپنی میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی پانچ افراد میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ تین کی حالت مستحکم ہے۔

XS
SM
MD
LG