رسائی کے لنکس

امریکہ: طبی عملے کے لیے کنسرٹ میں مشہور گلوکاروں کی گھروں سے پرفارمنس


امریکہ میں کرونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں فرنٹ لائن ورکز اور طبی عملے کی حوصلہ افزائی کے لیے 'ریموٹ کنسرٹ' کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ٹیلر سوفٹ، لیڈی گاگا، رولنگ اسٹونز، سمیت دیگر گلوکاروں نے اپنے گھروں سے فن کا مظاہرہ کیا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'ون ورلڈ ٹو گیدر ایٹ ہوم' کے نام سے کنسرٹ امریکہ کے 26 ٹی وی نیٹ ورکس پر بیک وقت نشر کیا گیا۔ جسے لگ بھگ دو کروڑ دس لاکھ امریکیوں نے دیکھا۔

امریکہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ہونے والے کنسرٹ میں مذکورہ گلوکاروں نے لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے اپنے گھروں سے کنسرٹ میں حصہ لیا۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور غیر منافع بخش ادارے 'گلوبل سٹیزن' کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس کنسرٹ سے 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی آمدنی ہوئی۔ یہ عطیات بڑی کمپنیوں اور مخیر حضرات کی جانب سے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے قائم کردہ فنڈ میں جمع کرائی جائے گی۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرونا وائرس کے بعد ڈبلیو ایچ او کے اقدامات کا ناکافی قرار دیتے ہوئے ادارے کی امداد روکنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ البتہ کنسرٹ میں حصہ لینے والے فن کاروں نے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کو 'سپر اسٹار' قرار دیا۔

لیڈی گاگا (فائل فوٹو)
لیڈی گاگا (فائل فوٹو)

کنسرٹ کے دوران عوام سے چندے کی اپیل نہیں کی گئی، تاہم اُنہیں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے، ہاتھ ملانے سے گریز کی ہدایات دی گئیں۔ عوام سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ ڈاکٹرز، اشیائے خورو نوش کی ترسیل کرنے والوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے منسلک افراد کی حوصلہ افزائی کریں۔

معروف گلوکاروں کی پرفارمنس پر مشتمل دو گھنٹے کی نشریات کے بعد چھ گھنٹے کی لائیو اسٹریمنگ میں ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے فن کاروں اور گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک 42 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں اور متاثرہ مریضوں کی تعداد سات لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG