رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: شاہ رخ خان کا 25 ہزار حفاظتی کٹس عطیہ کرنے کا اعلان


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں بھی پیش پیش ہیں۔ ایک جانب وہ بھاری رقوم عطیہ کر رہے ہیں تو وہیں ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے میڈیکل آلات کی فراہمی میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں۔

شاہ رخ خان نے ریاست مہاراشٹر میں کرونا وائرس سے نبرد آزما طبی عملے کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ کنگ خان نے 25 ہزار 'پی پی ای' (پرسنل پروٹیکٹیو ایکویپمنٹ) کٹس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ریاستی حکومت کے ایک وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بڑے اعلان پر شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مہاراشٹر کی حکومت کے صحت عامہ اور خاندانی بہبود کے وزیر راجیش ٹوپے کو جواب دیتے ہوئے شاہ رخ نے کہا کہ 'ہم اپنی اور انسانیت کی صحت اور حفاظت کے حوالے سے ایک ہی طرح کا جذبہ رکھتے ہیں۔

اس سے قبل راجیش ٹوپے نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ 'مسٹر شاہ رخ خان کووڈ- 19 کے خلاف لڑنے والوں کے لیے 25 ہزار پی پی ای کٹس عطیہ کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ یہ کٹس ہماری فرنٹ لائن میڈیکل ٹیم کی حفاظت میں طویل عرصے تک معاون ثابت ہوں گی۔

اس سے قبل شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کی جانب سے زیرِ ملکیت چار منزلہ عمارت کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کی پیش کش پر بھی مقامی حکام نے اُن کا شکریہ ادا کیا تھا۔

شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان : فائل فوٹو
شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان : فائل فوٹو

آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان نے وزیراعظم کیئرز فنڈ اور مہاراشٹر و مغربی بنگال کے وزرائے اعلیٰ ریلیف فنڈ میں بھی رقوم عطیہ کی تھیں۔

اس کے علاوہ شاہ رخ کووڈ- 19 سے آگاہی مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ اس حوالے سے وہ 18 اپریل کو ہونے والے ورچوئل کنسرٹ میں شرکت کریں گے۔ کنسرٹ میں کچھ غیر ملکی فن کار بھی لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے شریک ہوں گے۔ ان فن کاروں میں امریکی سنگر لیڈی گاگا بھی شامل ہیں۔

کنسرٹ کا اہتمام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی خدمات کے اعتراف اور ان کے حوصلے بلند کرنے کی غرض سے ہورہا ہے۔

XS
SM
MD
LG