رسائی کے لنکس

بالی وُوڈ، ’فلم فیئر ایوارڈز‘ کی نامزدگیوں کا اعلان


ایوارڈزکے امیدواروں میں سنجے لیلی بنسالی، راکیش اوم پرکاش مہرا، شردھا کپور اور ساؤتھ فلم انڈسٹری سے بالی وُوڈ نگری میں دھماکے دار اینٹری دینے والے دھنش بھی شامل ہیں۔

ہالی ووڈ کی طرح بالی وُوڈ میں بھی ایوارڈز فنکشنز کا موسم شروع ہو چکا ہے اور سب کی نظریں لگیں ہیں ’بالی وڈ کے آسکرز‘ یعنی ’فلم فیئر ایوارڈز‘ پر کہ دیکھیں وہ کون خوش نصیب ہوگا جو ’بلیک لیڈی‘ کو اپنے گھر لے کر جائے گا۔

نامزدگیوں کا اعلان
فلم فیئرایوارڈ ز کے 59ویں ایڈیشن کے لئے نامزدگیوں کااعلان کردیا گیا ہے ۔ایوارڈ پانے کے امیدواروں میں ایک طرف تو سنجے لیلی بنسالی اور راکیش اوم پرکاش مہرا جیسے بڑے نام ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں تو دوسری جانب شردھا کپور اور ساؤتھ فلم انڈسٹری سے بالی وُوڈ نگری میں دھماکے دار اینٹری دینے والے دھنش جیسے نوجوان، ٹینلنڈ اور اُبھرتے ہوئے اسٹارز بھی شامل ہیں۔

بلاک بلاسٹر فلمیں
ایوارڈ کے لئے مقابلے کے میدان میں اترنے والوں کا جائزہ لیا جائے تو بہترین فلم کی کیٹگری میں ’بھاگ ملکھا بھاگ‘، ’چنائی ایکسپریس‘، ’گلیوں کی راس لیلا رام لیلا‘، ’رانجھنا‘ اور ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ جیسی بلاک بسٹر فلمیں شامل ہیں۔

سال کا بہترین ڈائریکٹر کون۔۔۔؟؟
سال کے بہترین ڈائریکٹر کا اعزاز پانے کے لئے ’رام لیلا‘ کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بنسالی، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کے آیان مکھرجی ، ’چنائی ایکسپریس‘ کی ڈائریکشن دینے والے روہت شیٹھی ، ’بھاگ ملکھا بھا گ‘ کے ڈائریکٹر راکیش اوم پرکاش مہرہ ، ’رانجھنا‘ کے آنند رائے اور ’کائے پوچھے‘ کے ابھیشیک کپور ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے۔

بہترین ہیرو
کسی بھی ایوارڈز کی جان بہترین اداکار اور بہترین اداکارہ کے ایوارڈز کو کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’انڈیا ٹی وی‘ کا کہنا ہے کہ اس سال بہترین اداکار اور ادکارہ کے ناموں پر نظر ڈالی جائے تو صاف پتہ لگتا ہے کہ مقابلہ بہت دلچسپ اور سخت رہے گا۔

بہترین اداکارکی کیٹگری میں سینئر اور جونیئر سبھی اپنی جاندار اداکاری کی بنیاد پر ایوارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

فرحان اختر ’ملکا‘ کے روپ میں تو رہتک روشن سپر ہیرو بن کر ایوارڈ پانا چاہتے ہیں۔ رنبیر کپور ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کے کھلنڈرے لیکن حساس ہیرو کے طور پر تو کنگ خان ’چنائی ایکسپریس‘ میں مزاحیہ ہیرو کے رول پر ایوارڈ جیتنے کے لئے میدان میں ہیں۔

دھنش ، ’رانجھنا‘ کے سیدھے سادھے محبت کرنے والے تو رن ویر سنگھ ’رام لیلا‘ کے زبردست لیڈنگ کیریکٹر کی بنیاد پر ایوارڈ گھر لے جانا چاہتے ہیں۔

بہترین ہیرو ئن
بہترین اداکاراؤں کی کیٹگری میں بھی مقابلہ کچھ کم سخت نہیں۔ بالی وڈ کی اسٹائل دیوا دپیکا پڈکون اپنی بہترین پرفارمنس کے بل پر ایک نہیں بلکہ دو نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ انہیں ’چنائی ایکسپریس‘ اور ’گلیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ کے لئے منتخب کیا گیالیکن بالی وُوڈ میں ڈیبیو کرنے والی ’عاشقی 2‘ کی ہیروئن شردھا کپور، ’لٹیرا‘ کی سوناکشی سنہا اور ’رانجھنا‘ کی نٹ کھٹ ہیروئن سونم کپور یقینا دپیکا کو آسانی سے ایوارڈ لے جانے نہیں دیں گی۔

بہترین سپورٹنگ اداکار
بہترین سپورٹنگ اداکار کی کیٹگری میں ادیتیہ رائے کپور(یہ جوانی ہے دیوانی)، انوپم کھیر (اسپیشل 26)، نواز الدین صدیقی(لنچ باکس )، پنکج کپور (مترو کی بجلی کا من ڈولا)، راج کمار راؤ (کائے پو چھے) اور وویک اوبرائے (کرش 3)مقابلہ کریں گے۔

اداکاراوٴں میں سپورٹنگ کیٹگری کی بہترین اداکارہ کے لئے دیویا دتا(بھاگ ملکھا بھاگ)، کالکی کوچیلین (یہ جوانی ہے دیوانی )،کونکونا سین شرما(ایک تھی دایان)، سپریا پاٹھک (گلیوں کی راس لیلارام لیلا)، سوارابھاسکر (رانجھنا)کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

بہترین سنگر
بہترین مرد گلوکاروں کی کیٹگری میں شامل ہیں انکت تیواڑی(عاشقی ٹو)، اریجیت سنگھ(عاشقی 2)، بینی دیال(یہ جوانی ہے دیوانی)، سدھارتھ مہا دیون(بھاگ ملکھا بھاگ) اور امیت تری ویدی (کائے پو چھے)۔

بہترین فیمیل سنگر کی کیٹگری میں مقابلہ کریں گی چن مایا(چنائی ایکسپریس)، مونالی ٹھاکر(لٹیرا)، شلمالی کھولگڈے (یہ جوانی ہے دیوانی) اور شریا گھوشال(گلیوں کی راس لیلا رام لیلا)۔

بہترین میوزک ڈائریکٹر
بہترین میوزک کا ایوارڈ پانے کے لئے مقابلہ کریں گے امیت تری ویدی(لٹیرا)،انکنت تیواڑی، میتھون اور جیت گنگولی(عاشقی 2)، اے آر رحمن(رانجھنا)پریتم (یہ جوانی ہے دیوانی)، سنجے لیلا بنسالی(گلیوں کی راس لیلا رام لیلا)اور وشال شیکھر(چنائی ایکسپریس)۔
XS
SM
MD
LG