رسائی کے لنکس

بالی ووڈ فلموں سے ولن کا روایتی اور مثالی کردار ختم ہوا


بالی ووڈ فلموں سے ولن کا روایتی اور مثالی کردار ختم ہوا
بالی ووڈ فلموں سے ولن کا روایتی اور مثالی کردار ختم ہوا

سن 1980ء کی دہائی میں بننے والی فلم" نصیب "کا وہ سین شاید آپ نے بھولا نہ ہوگا ۔ جس میں اداکار پران نے ولن کا رول ادا کیا تھا۔ پران کا یہ روپ دیکھ کر شاید آپ کو ان سے نفرت ہوئی ہو مگر حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کے کرداروں میں انہیں بہت پسند کیا جاتا تھا۔

فلم" مسٹر انڈیا" میں امریش پوری کا ’موگیمبو‘کا کردار بھی کچھ ایسا ہی تھا کہ لوگ آج تک اسے نہیں بھولے بلکہ ان کا بولا ہوا ڈائیلاگ ”موگیمبو خوش ہوا“ بھی شاید ہی کچھ لوگ بھولے ہوں۔ لیکن موجودہ دور کی فلموں میں وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ ولن کا روایتی اور مثالی کردار بھی بدل گیا ہے۔

آج کی فلموں کا ولن ایسا نہیں ہوتا کہ لوگ اس سے خوف زدہ ہوں یا ان کا کردار اس قدر نفرت آمیز ہو کہ فلم دیکھنے والے ہیرو سے اسے 'اپنے جوتوں تلے روند ڈالنے کی خواہش کریں'۔ حالانکہ اسی قسم کے کرداروں کی وجہ سے 70 اور 80 کی دہائیوں کے ولنز کو ایوارڈ ملا کرتے تھے۔

بولی ووڈ سے غائب ہوجانے والے مثالی اور معروف ولن کا کردار’Lion‘ بھی ہے، جسے اجیت خان نے ادا کیا تھا۔ ان کے ادا لئے ہوئے فقرے ”مونا کہا ں ہے سونا“ اور ”للی، ڈونٹ بھی سلی“ تو جیسے ان کا ٹریڈ مارک بن گئے تھے جس کی نقل اکثر لوگ کیا کرتے تھے، جن میں ان کا اپنا بیٹا بھی شامل تھا۔اجیت کی اداکاری اور ڈائیلاگ ڈلیوری اتنی جاندار تھی کہ لوگ ہفتوں اس کے خمار میں رہا کرتے تھے۔

"دھوم" سیریز کی فلموں میں کسی ہیرو کی بجائے ولن ہی مرکزی کردار میں نظر آتا ہے۔ اس سیریز نے فلموں میں ولن کے تصور کو اس قدر بدل کر رکھ دیاکہ فلم بین بھی بہترین کردار کے حامل پولیس افسر کی بجائے ہیرو ٹائپ ولن میں زیادہ کشش محسوس کرنے لگے ہیں۔

اگر اس تبدیلی پر نظر ڈالی جائے تو موجودہ جدید دور کے ولن مشکل ہی سے 'شیطان صفت' نظر آتے ہیں۔ اچھے اور برے آدمی کا امتزاج بنے ولن کے یہ کردار آج بہت پھیکے ہوچکے ہیں۔ آج مشکل ہی سے کسی ولن کا کوئی فقرہ ایسا ہوتا ہے جسے لوگ یاد رکھ سکیں۔ آج کل کی فلموں میں ولن کے لیے مخصوص معیارات کا خیال کم ہی رکھا جا رہا ہے جس کا نتیجہ یہ کہ آج کی نسل ولن کے کردار کی اہمیت سے درست طور پر واقف ہی نہیں ۔ ولن کا کردار آج ماضی کا قصہ بن چکا ہے اور فلم دیکھنے والے اس ولن کو تقریباً فراموش کر چکے ہیں جو سنیما سے واپس آنے کے بعد بھی لوگوں کے ذہنوں میں ہفتوں موجود رہتا تھا۔

XS
SM
MD
LG