پاکستان کی نشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUTS) کے طلباء کی ٹیم نے برطانیہ میں اگلے ماہ منعقد ہونے والے ' فارمولا اسٹوڈنٹ موٹر اسپورٹس' کےعالمی مقابلےمیں شرکت کرنے سے قبل اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات کی۔
ہائی کمشنر نے ہائی کمیشن میں خوش آمدید کہتے ہوئے مقابلے میں شرکت کرنے والے طلباء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
'فارمولا اسٹوڈنٹ' کے عالمی مقابلے میں اس سال پاکستان کی نمائندگی کراچی کی نشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ ) کر رہی ہے۔
نسٹ کے طلباء کی ٹیم اپنے ساتھ اپنی ڈیزائن اور تیارہ کردہ کار NAS14 ریسنگ کار کا ماڈل بھی ہمراہ لائی تھی۔ وفد کے ہمراہ یونیورسٹی کے عہدیداران اور فارمولا اسٹوڈنٹس پاکستان کی تیاری کے اخراجات اٹھانے والےسماجی اداروں کے نمائندے بھی شامل تھے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس ملاقات کے دوران طلباء کے وفد نے ہائی کمشنر فلپ بارٹن کو مقامی طور پر تیار کی جانے والی NAS14ریسنگ کارکے بارے میں بریفنگ دی اور انھیں اس کی جدید خصوصیات سے آگاہ کیا ۔
طالب علموں نے پاکستان میں اس کار کی تیاری کے حوالے سے طالب علموں کی کاوشوں کا ذکر کیا اور ساتھ ہی جولائی 2014 میں نارتھ ہمپٹن شائر میں منعقد ہونے والے' فارمولا اسٹوڈنٹ موٹر اسپورٹس 'مقابلے کے لیے اہل قرار دیئے جانے پر برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے دلی مسرت اور ممنونیت کا اظہار کیا ۔
برطانوی ہائی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ، نشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء کی تیار کردہ کار کودیکھ کر وہ بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔ "فارمولا اسٹوڈنٹس پاکستان کی جانب سے برطانوی سلور اسٹون ریس سرکٹ میں حصہ لینا بہت خوشی کی بات ہے میں خاص طور پرفارمولا اسٹوڈنٹ پاکستان کا جدید کام اور ہونہار طلباء کو اس مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے دیکھ کر یہ پیش گوئی کر سکتا ہوں کہ مستقبل میں مجھے موٹر اسپورٹس کی دنیا میں پاکستان کی شمولیت صاف نظر آرہی ہے۔"
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نسٹ کے طلباء کے ٹیم لیڈر شاہ طلحہ سعید نے کہا کہ انھوں نے اپنی نسٹ کار کو بحریہ کے شہید کیپٹن ندیم احمد شہزاد کے نام سے منسوب کیا ہے۔
انھوں کہا کہ سلوراسٹون میں منعقد ہونے والی فارمولا اسٹوڈنٹ موٹر اسپورٹس کے لیے کار کو مقابلے کے مطلوبہ معیار اور شرائط کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ کار کا انجن 600 سی سی کا ہے جسے 29 طلباء پر مشتمل ایک ٹیم نے ڈیزائن اور مقامی طور پر تیار کیا ہے۔