اگرچہ یورپ کے سیاحتی مراکز لندن، پیرس اور روم کا شمار عالمی سیاحوں کے پسندیدہ مقامات میں کیا جاتا ہے لیکن ایک حالیہ سروے رپورٹ کا نتیجہ بتاتا ہے کہ برطانیہ کا دارلحکومت لندن سیاحوں کے لیے آج بھی بہت کشش رکھتا ہے۔
لیکن سیاحت کا شوق رکھنے والوں کی رائے ہے کہ لندن شہر سیاحوں کو بہت کم دوستانہ ماحول فراہم کرتا ہے اور اس کے برعکس نیویارک کو سیاحوں کا پرتپاک استقبال کرنے میں معاصر شہروں پر سبقت حاصل ہے۔
نیویارک کا انتخاب سیاحوں نے دنیا کے سب سے زیادہ خوش آمدید کہنے والے شہرکے طور پرکیا ہے۔
ویب سائٹ 'کوپن کوڈ پرو' کے ایک سروے کے ذریعے ہزاروں عالمی سیاحوں سے دنیا کے اہم ترین سیاحتی مراکز کے حوالے سے رائے پوچھی گئی کہ وہ دنیا کے ایسے شہروں کی درجہ بندی کریں جنھیں وہ سیاحوں کو بہت زیادہ خوش آمدید کہنے والا شہر سمجھتے ہیں۔
اسی طرح ایک فہرست میں شرکا سے دنیا کے ایسے شہروں کے لیے ووٹ ڈالنے کے لیے کہا گیا جنھیں وہ سیاحوں کے لیے بالکل بھی دوستانہ نہیں سمجھتے۔
'ہفنگٹن پوسٹ' کے مطابق نتیجہ بہت حیران کن رہا۔ عالمی سیاحوں کی جانب سے چار یورپی سیاحتی مقامات کو اس فہرست میں شامل کیا گیا جہاں سیاحوں کا پرتپاک استقبال نہیں کیا جاتا ہے۔
اس درجہ بندی میں پیرس کو 13 فیصد ووٹ کے ساتھ انتہائی غیر دوستانہ اور لندن کو نو فیصد ووٹ کے ساتھ دنیا کا دوسرا ایسا شہر بتایا گیا ہے جہاں سیاحوں کا خیر مقدم نہیں کیا جاتا ہے۔
جبکہ بارسلونا (اسپین)، روم (اٹلی) اور ٹوکیو (جاپان) کو سیاحوں کے لیے غیر دوستانہ شہروں کی فہرست میں تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔
سروے رپورٹ میں سیاحوں کے پرتپاک استقبال کے زمرے میں سب سے اوپر نیویارک کا نام شامل ہے جسے سیاحوں نے 11 فیصد ووٹ دے کردنیا بھر میں سیاحوں کے لیے سب سے زیادہ خوش آمدید کہنے والا شہر قرار دیا۔
اس درجہ بندی میں بیجنگ 10 فیصد ووٹ کے ساتھ دوسرے اور ٹورنٹو تیسرے نمبر پر ہیں۔ جس کے بعد ایمسٹرڈم اور سڈنی کو سیاحوں کے لیے دوستانہ ماحول رکھنے والے شہر کے طور پر سب سے زیادہ ووٹ دیئے گئے۔