رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں: راحیل شریف


کراچی میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش ’آئیڈیاز 2014‘ کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ عوام کی حمایت سے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

کراچی میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش ’آئیڈیاز 2014‘ کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔

فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حمایت سے بغیر کسی تفریق کے ہر طرح کی دہشت گردی سے چھٹکارا حاصل کیا جائے گا۔

اُنھوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ فلسطین اور کشمیر جیسے تنازعات کو حل کیے بغیر خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ صرف سرحدوں کو محفوظ بنانے سے کسی ملک کی اندرونی سلامتی ممکن نہیں۔

اُنھوں نے کہا ان حالات میں دفاعی ضروریات بھی بدل رہی ہیں اور غیر ریاستی عناصر کے باعث ممالک کے لیے سلامتی کی صورت حال پیچیدہ ہو گئی ہے۔

فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت جب سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں، وہ ملک کو درپیش روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔

پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر افغانستان کے ایک عسکری وفد نے بھی جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری کو سراہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر اُنھوں نے وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ راولپنڈی میں فوج کے صدر دفتر میں جنرل راحیل شریف سے بھی تفصیلی ملاقات کی تھی۔

XS
SM
MD
LG