رسائی کے لنکس

ملاعمر کی موت کی اطلاعات، تصدیق کی کوشش جاری ہے: پاکستان


ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ
ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ

دریں اثناء ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاعمر کے نائب ملا اختر منصور کو افغان طالبان کا نیا امیر بنا دیا گیا ہے۔

پاکستان نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے رہنما ملا عمر کے انتقال سے متعلق خبروں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ اُنھوں نے بھی ملا عمر کے انتقال سے متعلق خبریں دیکھی ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ افغان طالبان کے رہمنا کی ہلاکت سے متعلق افواہیں پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں، اس لیے پاکستانی عہدیدار حالیہ اطلاعات کے مصدقہ ہونے سے متعلق معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

افغانستان کی حکومت نے بدھ کو طالبان رہنما ملا محمد عمر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اُن کا انتقال پاکستان کے شہر کراچی میں 2013ء میں ہوا تھا۔

امریکہ نے افغان طالبان کے سربراہ کی وفات کی خبروں کو "معتبر" قرار دیتے ہوئے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ افغان امن عمل میں شریک ہوں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان ایرک شلٹز نے کہا کہ امریکہ کے انٹیلی جنس حلقے ان حالات کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں ملا عمر کی موت واقع ہوئی۔

تاہم امریکہ کی طرف سے افغان حکام کے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا جس کے مطابق ملا عمر کا انتقال اپریل 2013ء میں پاکستان کے شہر کراچی میں ہوا تھا۔

دریں اثناء ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاعمر کے نائب ملا اختر منصور کو افغان طالبان کا نیا امیر بنا دیا گیا ہے۔ لیکن طالبان کی طرف سے باضابطہ طور پر اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ملا اختر منصور طالبان کے سیاسی اور فوجی اُمور کے سربراہ تھے۔

اُدھر خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹیڈ‘ پریس نے افغان طالبان کا نام ظاہر کیے بغیر اُن کے حوالے سے کہا ہے کہ سراج الدین حقانی کو تنظیم کا نائب سربراہ مقرر کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG