پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آرون فنچ اور شان مارش کی شاندار بیٹنگ کے باعث آسٹریلیا نے پاکستان کو بآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے، جواب میں آسٹریلیا نے ہدف صرف 2 وکٹیں گنوا کر 49 اوورز میں حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز عثمان خواجہ اور آرون فنچ نے 63 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ کو 24 کے اسکور پر فہیم اشرف نے پویلین بھیج دیا۔
اس کے بعد کسی بھی پاکستانی بولر کی ایک نہ چلی اور شان مارش نے فنچ کے ساتھ مل کرپہلے محتاط اور پھر تیزی سے رنز بنائے۔ اس دوران کپتان شعیب ملک نے بولنگ میں کئی تبدیلیاں کیں لیکن کوئی بھی بولر پارٹنر شپ توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
اس دوران کپتان فنچ نے ایک روزہ میچوں میں اپنی 12 ویں سنچری مکمل کی۔
دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 172 رنز بناکر ناصرف پاکستانی بولرز کے حوصلے پست کر دیئے بلکہ ٹیم کی جیت کو بھی یقینی بنا دیا۔
فنچ کو 116 رنز پر محمد عباس نے وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ ایک روزہ میچوں میں محمد عباس کی یہ پہلی وکٹ ہے۔
نئے بیٹسمین ہینڈز کومب نے مارش کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔
اس سے پہلے پاکستانی اننگز میں حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 101 رنز بنائے جو ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں ان کی پہلی سنچری ہے۔
اس کے علاوہ عمر اکمل 48 اور شان مسعود 40 رنز کے ساتھ پاکستان کے نمایاں بیٹسمین رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائیل اور میکسویل نے دو، دو جبکہ لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی طرف سے شان مسعود اور محمد عباس نے آج اپنے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں یہ237 واں کا ایک روزہ میچ تھا جو کسی بھی اسٹیدیم میں کھیلے گئے میچز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔