رسائی کے لنکس

پشاور بم دھماکے میں 8 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دھماکے میں متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں اور اسپتال ذرائع نے بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بیان کی ہے۔

پشاور میں پولیس حکام اور عینی شاہدین نے بتایا ہےکہ بدھ کو کوہاٹ روڈ پر ایک طاقتور بم دھماکے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

دھماکے میں متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں جب کہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

اسپتال ذرائع نے بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بیان کی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کا ہدف پاکستانی فضائیہ کے شہری ملازمین کو لے جانے والی ایک گاڑی تھی۔

سپریٹنڈنٹ پولیس خورشید خان نے جائے وقوع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ بارودی مواد سڑک کنارے کھڑی ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا اور بظاہر ریموٹ کنٹرول سے اس میں دھماکا کیا گیا۔

’’آج جو دھماکا ہوا ہے اس میں گولے ایک گاڑی میں رکھے گئے تھے جس سے راہگیر اور قریب سے گزرنے والی گاڑی میں سوار افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔ ائیر فورس کی جو گاڑی تھی اس میں (سوار) تین افراد معمولی زخمی ہوئے لیکن یہ پتہ نہیں کہ اس (فضائیہ) کی گاڑی نشانہ بنایا گیا یا اس کا ہدف کوئی اور تھا۔‘‘

ائر فورس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گاڑی میں سوار فضائیہ کے تین ملازم اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم انھوں نے کہا کہ حملے کے ہدف کے بارے میں خیال آرائی قبل از وقت ہوگی۔
XS
SM
MD
LG