رسائی کے لنکس

کرم ایجنسی: بم دھماکے میں بچے سمیت دو افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ واقعہ مرکزی شہر پاڑہ چنار کے علاقے نستی کوٹ میں پیش آیا جہاں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم میں اس وقت دھماکا ہوا جب بچوں کی وین یہاں سے گزر رہی تھی۔

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں منگل کی صبح بچوں کو اسکول لے جانے والی ایک وین کے قریب بم دھماکے سے ایک بچے سمیت دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔

قبائلی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مرکزی شہر پاڑہ چنار کے علاقے نستی کوٹ میں پیش آیا جہاں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم میں اس وقت دھماکا ہوا جب بچوں کی وین یہاں سے گزر رہی تھی۔

دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جب کہ اس کا ڈرائیور اور ایک بچہ ہلاک ہو گئے۔

زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے۔

تاحال اس واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی ہے لیکن کرم ایجنسی میں اس سے پہلے بھی پرتشدد واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔

اس علاقے میں ایک عرصے تک فرقہ وارانہ کشیدگی کے باعث شیعہ اور سنی مسالک کے لوگوں کے درمیان ہلاکت خیز جھڑپیں بھی ہوتی رہی ہیں۔

دریں اثناء افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جاری فوجی کارروائی میں مزید چھ مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

فوج نے گزشتہ ماہ خیبر ون کے نام سے یہاں کارروائی شروع کی تھی جس کا مقصد شمالی وزیرستان میں جون سے جاری فوجی آپریشن کی وجہ سے فرار ہو کر یہاں منظم ہونے کی کوشش کرنے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنانا تھا۔

حکام کے مطابق یہاں اب تک درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک اور ان کے زیر استعمال ٹھکانوں کو تباہ کیا جا چکا ہے جب کہ فوج کے مطابق 350 عسکریت پسندوں نے ہتھیار پھینک کر خود کو حکام کے حوالے بھی کیا۔

ادھر نوشہرہ میں سڑک کنارے چار افراد کی بوری بند لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا۔

تاحال اس واقعے کے اصل محرکات کی تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG