رسائی کے لنکس

پاکستان چین عسکری تعاون بلندیوں کو چھوئے گا: جنرل راحیل


جنرل راحیل نے دونوں ملکوں کی فوجوں میں وقت کے ساتھ ساتھ فروغ پاتے خاص تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقتوں میں یہ مزید بلندیوں کو چھوئیں گے۔

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

پاکستانی سپہ سالار نے یہ بات اٹک کے قریب دونوں ملکوں کی مشترکہ فوجی مشق کے اختتام پر منگل کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ "آئی ایس پی آر" کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق جنرل راحیل نے دونوں ملکوں کی فوجوں میں وقت کے ساتھ ساتھ فروغ پاتے خاص تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقتوں میں یہ مزید بلندیوں کو چھوئیں گے۔

’’واریئر تھری‘‘ نامی یہ مشقیں سات ہفتوں تک جاری رہیں جن کا مقصد دونوں ملکوں کی افواج کو انسداد دہشت گردی کے لیے مزید موثر بنانا تھا۔

فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے شدت پسندوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن ضرب عضب میں ان کی کارکردگی کو بھی خوب سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے تک یہ اسی رفتار سے جاری رہیں گی۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون میں ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں "ضرب عضب" کے نام سے بھرپور کارروائی شروع کی تھی جس میں حکام کے بقول اب تک تین ہزار سے زائد شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

شمالی وزیرستان کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز کارروائیاں کرتی آ رہی ہیں اور اسی باعث ماضی کی نسبت پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں قابل ذکر بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

چین پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بھی جاری ہے۔

چین نے پاکستان میں توانائی کے علاوہ مختلف شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے جب کہ دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔

اس منصوبے کے تحت چین کے شہر کاشغر سے پاکستان کے جنوب مغرب میں واقع ساحلی شہر گوادر تک مواصلات، بنیادی ڈھانچے، توانائی اور صنعتوں کا جال بچھایا جا رہا ہے جسے حکام دونوں ملکوں سمیت جنوب ایشیائی خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے بہت اہم قرار دیتے آرہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG