رسائی کے لنکس

پاکستان: قبائلی علاقوں میں جھڑپیں، 22 جنگجو ہلاک


پاکستان کے شمال مغربی قبائلی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ تازہ ترین جھڑپوں میں 22 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ پیر کو طلوع آفتاب سے قبل خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں ایک چوکی پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 10 جنگجو مارے گئے۔

لڑائی میں دو اہلکار زخمی بھی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

افغان سرحد سے ملحق ایک اور قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی مدد سے کی گئی کارروائی میں نو شدت پسند ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

اسی علاقے میں سکیورٹی فورسز کی عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری سے تین جنگجو بھی مارے گئے۔

اُدھر مہمند ایجنسی میں شدت پسندوں نے رات کی تاریکی میں مقامی امن کمیٹی کے رضاکاروں اور قبائلی پولیس یعنی ’لیویز‘ کی مشترکہ چوکی پر حملہ کرکے اسے نذر آتش کر دیا۔

اس واقعے میں ایک رضاکار ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔

شورش زدہ قبائلی علاقوں میں صحافیوں کی انتہائی محدود رسائی کے باعث وہاں سے موصول ہونے والی اطلاعات کی غیر جانبدار ذرائع سے تصدیق تقریباً نا ممکن ہے۔

پاکستان کی افواج اور نیم فوجی دستے وفاق کے زیر انتظام سات میں سے چھ قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں، جب کہ امریکہ اور اس کے اتحادی طویل عرصے سے شمالی وزیرستان میں بھی جنگجؤوں کے خلاف بھرپور آپریشن شروع کرنے کے سلسلے میں دباؤ ڈال رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG