رسائی کے لنکس

پشاور: پولیس چوکی پر شدت پسندوں کے حملے میں 5 جنگجو ہلاک


حملے کا نشانہ بنائی گئی چوکی خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ کے قریب واقع ہے۔
حملے کا نشانہ بنائی گئی چوکی خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ کے قریب واقع ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی شہر پشاور میں حکام نے کہا ہے بدھ کو پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان ایک جھڑپ میں پانچ جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔

پشاور پولیس کے ایک اعلیٰ افسر امتیاز شاہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ خودکار ہتھیاروں سے لیس 60 سے زائد شدت پسندوں نے علی الصباح صوبائی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے سربند میں قائم پولیس چوکی پر دو اطراف سے حملہ کیا۔ لیکن چوکی میں موجود پولیس اہلکاروں کی بھرپور جوابی کارروائی کی وجہ سے حملہ آور پسائی پر مجبور ہوئے۔

امتیاز شاہ کے مطابق لڑائی کے دوران پانچ شدت پسند مارے گئے جن کی لاشیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لی ہیں۔ اُن کے بقول اس واقعہ میں پولیس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سربند کا علاقہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی ایجنسی خیبر کے علاقے باڑہ سے متصل ہے جہاں مبینہ طور پر طالبان جنگجوؤں کے علاوہ کالعدم مذہبی تنظیموں سے منسلک عسکریت پسندوں نے اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں۔

دریں اثنا افغان سرحد سے ملحقہ خیبر ایجنسی ہی کے علاقے جمرود میں مقامی سکیورٹی فورس ’خاصہ دار‘ کی ایک چوکی پر بم حملے میں کم از کم دو اہلکار ہلاک ہو گئے۔

انتظامیہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حملہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا جو گزشتہ شب چوکی کے قریب نصب کیا گیا تھا۔ خاصہ دار فورس کے اہلکار رات کے وقت اپنی ان عارضی چوکیوں کوخالی کر دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG