رسائی کے لنکس

بٹگرام میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک


بٹگرام میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک
بٹگرام میں خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک

پاکستان کے شمال مغربی علاقے بٹگرام میں پیر کو ایک سیاسی جماعت کے جلسے سے کچھ دیر قبل ہونے والے خودکش بم دھماکے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچی اور دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملہ شہر کے مرکزی علاقے میں ہوا جہاں مخلوط حکومت میں شامل مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی امیر مقام نے عوامی جلسے سے خطاب کرنا تھا۔

مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر امیر مقام نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اُن کے جلسہ گاہ آمد سے کچھ دیر قبل ہی یہ دھماکا ہوا۔ ”ہمیں جلسہ گاہ پہنچنے میں اس لیے دیر ہوئی کیوں کہ جس راستے سے ہمیں وہاں پہنچنا تھا اُس سڑک پر بجلی کی بندش کے خلاف مظاہرہ ہو رہا تھا۔ یہ حملہ اُنھی عناصر کی کارروائی ہے جو عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف بات کرنے والوں کو نہیں دیکھنا چاہتے۔“

مقامی پولیس حکام کے مطابق جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کی تلاشی کے لیے قائم چوکی پر تعینات اہلکاروں نے جب خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تو اُس نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔

کسی فرد یا تنظیم نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، لیکن مقامی عسکریت پسند ماضی میں سکیورٹی فورسز اور حکام پر حملے کرتے آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG