کالعدم تنظیم ’تحریک طالبان پاکستان‘ نے 15 مغوی سکیورٹی اہلکاروں کے قتل کی ویڈیو فلم جاری کر دی ہے۔
شدت پسندوں نے نیم فوجی سکیورٹی فورس ’فرنٹیئر کانسٹیبلری‘ کے ان اہلکاروں کو گزشتہ ماہ شمال مغربی قصبے ٹانک میں اُن کے قلعہ پر رات کے وقت حملہ کرکے اغواء کر لیا تھا۔
ویڈیو میں اہلکار ایک پہاڑی چوٹی پر تین قطاروں میں بیٹھے ہیں اور اُن کی آنکھوں پر پٹیاں جبکہ ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔
تقریباً اڑھائی منٹ کی اس ویڈیو میں ایک طالبان جنگجو کہہ رہا ہے کہ اہلکاروں کو جان سے مارنے کا مقصد قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں 12 شدت پسندوں کی ہلاکت کا انتقام لینا ہے۔
’’ہم حکومت پاکستان کو متنبہ کرتے ہیں کہ گرفتار کیے گئے ہمارے ساتھیوں کو ہلاک کرنا بند کر دیں اور اگر اُنھوں نے یہ عمل جاری رکھا تو ہم اُنھیں (اہلکاروں) کو اس طرح ماریں گے۔‘‘
اس بیان کے بعد طالبان جنگجو اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دیتا ہے۔