رسائی کے لنکس

آئی سی سی ٹریبیونل میں پیشی کے لیے تینوں پاکستانی کھلاڑی قطر روانہ


سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر (فائل فوٹو)
سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر (فائل فوٹو)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے انسداد بدعنوانی کے ایک خصوصی ٹر یبیونل کے سامنے پیش ہونے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑی سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف منگل کو قطر کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔

آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیوں پر کسی بھی سطح کی کرکٹ کھیلنے پر عارضی طو ر پر پابندی لگا رکھی ہے۔ یہ فیصلہ گذشتہ سال انگلینڈ کے خلاف کرکٹ سیریز میں بھاری رقوم لے کر لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ”سپاٹ فکسنگ“ کے الزامات کے بعد کیا گیا تھا۔

مائیکل بیلوف کی سربراہی میں آئی سی سی کا ایک خصوصی پینل ان الزمات کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس سلسلے کی تازہ سماعت چھ سے گیارہ جنوری تک دوحہ میں ہو گی جس میں پیش ہونے کے لیے تینوں پاکستانی کھلاڑی قطر پہنچے ہیں۔

پاکستان سے روانگی کے وقت ہوائی اڈے پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ اُن کے وکیل پوری تیاری کے ساتھ اس سماعت کے لیے جارہے ہیں اور انھیں یقین ہے کہ اُن پر لگائے گئے الزامات غلط ثابت ہوں گے۔ ”یہ میر ی زندگی کا مشکل ترین وقت ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ یہ وقت گزر جائے گا اور میں جلد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے دوبارہ کھیل سکوں گا۔ “

برطانوی اخبار ’نیوز آف دی ورلڈ ‘ نے انکشاف کیا تھا کہ کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز کرکٹ ٹیسٹ میں سٹے بازوں سے پیسے لے کر دانستہ طور پر مخصوص مواقعوں پرنو بال کرائیں جبکہ بلے بازوں نے جان بوجھ کر مخصوص اوورز میں سکور نہیں بنائے۔

سلمان بٹ اور محمد عامر نے ”سپاٹ فکسنگ“ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اپنی معطلی کے خلاف اپیلیں بھی دائر کیں جنہیں ابتدائی سماعت اکتوبر میں مسترد کردیا گیا تھا۔ محمد آصف نے اپنی اپیل واپس لے لی تھی۔

الزامات ثابت ہونے پر آئی سی آئی کے قوانین کے تحت تینوں پاکستانی کھلاڑیوں کی عارضی معطلی کم ازکم پانچ سال یہ تاحیات پابندی میں بدل سکتی ہے۔




XS
SM
MD
LG