پاکستان کی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف کرکٹ سیریز کے لیے پیر کو لاہور سے دبئی روانہ ہوئی اور اس موقع پر ٹیم کے کوچ اور کپتان نے ایک بار پھر کامیابی کے عزم کو دہرایا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کسی بھی مقابلے میں فیلڈنگ ہمیشہ سے بہت اہم کردار ادا کرتی ہے اور انگلینڈ کے خلاف اس شعبے میں بھی ان کے کھلاڑیوں نے کافی محنت کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اول نمبر کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کا یہ ایک اچھا موقع ہے اور یہ ایک چیلنج بھی ہے۔’’ کوشش کریں گے کہ اپنا سو فیصد کارکردگی دکھائیں اور اپنی پوری محنت کریں اس چیلنج سے اس طرح نمٹیں کہ لوگ یہ مان لیں کہ ہم ایک اچھی ٹیم ہیں۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی اس سیریز میں تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 17 جنوری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کوچ محسن خان نے بھی صحافیوں سے گفتگو میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کو مشکل قرار دیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی اس کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس وقت اسپن باؤلنگ کے شعبے میں سعید اجمل، عبدالرحمن اور محمد حفیظ کی شکل میں ایک اچھا کومبینیشن موجود ہے۔