یوم آزادی کے سلسلے میں، نیویارک میں اقوام متحدہ کے پاکستانی مشن میں معروف ’راگا بوائز‘ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور روایتی کلاسیکی موسیقی میں شامل مغربی ’بیٹ‘ سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
برصغیر پاک و ہند کے مشہور پٹیالہ گھرانے کے چشم و چراغ، استاد حامد علی خان کے تین بیٹوں ولی حامد علی خان، نایاب علی خان اور انعام علی خان پر مشتمل اس بینڈ کی تشکیل 2006ء میں ہوئی تھی، جس کا نام ’راگا بوائز‘ رکھا گیا تھا، جو اپنی قابلیت کے بل پر تیزی سے عالمی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔
بینڈ نے گزشتہ دنوں پاک مشن میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں اپنے صوفیانہ کلام کے علاوہ روایتی موسیقی، فوک اور فیوژن کا مظاہرہ کیا۔
محفل موسیقی کی مہمان خصوصی پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھیں، جبکہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی چیدہ چیدہ شخصیات کے علاوہ اقوام متحدہ میں تعینات سفارتکاروں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی، جو پاکستان کی روایتی موسیقی سے محظوظ ہوئے۔
اس موقع پر فنکاروں نے قومی نغمے بھی پیش کئے جس پر حاضرین جھوم اٹھے۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بینڈ کا عالمی سفارتکاروں سے تعارف کرایا اور بتایا کہ بہت مختصر سے عرصے میں اس بینڈ نے اپنی صلاحیتوں کے بل پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور آج اسے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے۔
اس سے پہلے پاکستان کے 69 ویں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے قومی پرچم کشائی کی اور پاکستانی صدر اور وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس تقریب میں بھی بڑی تعداد میں سفارتی اہلکار اور اقوام متحدہ میں امن مشن کے عہدیداران شریک ہوئے۔