پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ملک میں امن و سلامتی کے لیے متحد ہو کر کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
جمعرات کو جنوبی ایشیا کی یہ ایٹمی قوت "یوم پاکستان" منا رہی ہے جس کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
مسلح افواج اور سامان حرب کی نمائش پر مبنی اس پریڈ میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک تھے جب کہ پہلی بار اس پریڈ میں چین کے فوجی دستے نے بھی شرکت کی۔
سعودی عرب کی خصوصی فورس کے دستے کے علاوہ ترکی اور جنوبی افریقہ کی افواج کی نمائندگی بھی تھی۔
شکرپڑیاں پریڈ گراونڈ میں منعقدہ اس تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی عہدیداروں، غیر ملکی سفرا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس خصوصی پریڈ کو دیکھنے کے لیے موجود تھی۔
اس دن کی مناسبت صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ "یہ انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ قوم جمہوری نظام کے تحت مختلف مسائل سے نمٹنے کے لیے بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے۔"
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پختہ عزم اور اتحاد کے ساتھ بظاہر ناممکن اہداف کو بھی آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ "گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستانی فوج اور سکیورٹی کے تمام اداروں اور عوام نے ملک میں امن کا گہوارہ بنانے کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔"
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں قوم پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو شرپسند اور فساد پھیلانے والے عناصر سے پاک کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔