رسائی کے لنکس

مصر: مظاہرین کی ہلاکتوں پر پاکستان کا اظہار ’مایوسی‘


پاکستانی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا کہ قانونی اور آئینی امور کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

پاکستان نے مصر میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال اور اس سے ہونے والی ہلاکتوں پر ’’مایوسی اور شدید تحفظات‘‘ کا اظہار کیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ مصر کے عوام کے دوست اور خیر خواہ کی حیثیت سے پاکستان وہاں کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ’’تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ ضبط کا مظاہرہ کریں اور ایک عظیم ملک کے عوام کے بنیادی حقوق کا خیال رکھیں۔‘‘

بیان میں بدھ کو قاہرہ اور دیگر شہروں میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے مصر کی جمہوریت کی طرف واپسی کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا گیا۔

مزید برآں بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قانونی اور آئینی امور کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے تاکہ ملک میں جمہوری ادارے جلد از جلد بحال ہوسکیں۔

’’پاکستان کی حکومت اور عوام کو امید ہے کہ مصری عوام تحمل، برداشت اور ہمت سے موجودہ چیلنجز پر قابو پالیں گے تاکہ ملک میں پائیدار جمہوریت، سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘

مصر میں گزشتہ ماہ فوج نے ملک کے پہلے جمہوری منتخب صدر محمد مرسی کو برطرف کر کے اقتدار ایک عبوری حکومت کے حوالے کر دیا تھا۔

محمد مرسی اور ان کی حامی جماعت اخوان المسلمین کے کئی دیگر رہنما حکام کی تحویل میں ہیں جب کہ اخوان کے کارکن اس اقدام کے بعد ہی سے برطرف صدر کی بحالی کے مطالبے کے ساتھ سراپا احتجاج ہیں۔

اسی اثناء میں پاکستانی پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی میں بھی جمعرات کو مصر میں جاری کشیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وہاں ہونے والی ہلاکتوں کے خلاف متفقہ طور پر ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔

ایوان سے خطاب میں وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ دنیا میں جمہوری اور بنیادی انسانی حقوق کے دور میں اس طرح کی کارروائی کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔

’’اتنی بڑی تباہی اور بربادی ہو رہی ہے ان کا ایک منتخب صدر پابند ہے روز وہاں لوگ مارے جا رہے ہیں ... پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے، پوری مہذب دنیا ان کے ساتھ ہے۔ اس قسم کی غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر انسانی کارروائی ہو اور ہم معمول کی کارروائی جاری رکھیں تو یہ ممکن نہیں۔‘‘

قرارداد میں حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ مصر میں انسانی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کے تحفظات مصر کی حکومت تک پہنچائے۔

مزید برآں قرار داد میں مصری حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاملات کو بات چیت کے ذریعے اور عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔
XS
SM
MD
LG