پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مبینہ امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ سے منسلک ایک اہم عسکریت پسند رہنما سمیت کم از کم چار مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔
انٹیلی جنس عہدے داروں کا کہنا ہے کہ جمعرات کو علی الصباح بغیر پائلٹ سے داغے گئے ان میزائلوں کا ہدف عسکریت پسندوں کے زیر استعمال ایک مکان ہے جس میں عسکریت پسند رہنما بدر منصور بھی مارا گیا۔
حکام کے مطابق بدر منصور پاکستانی طالبان کے ایک گروپ کا سربراہ تھا جس کے علاقے میں القاعدہ کے قریبی روابط تھے۔
افغان سرحد سے ملحق اس قبائلی علاقے میں 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا میزائل حملہ ہے۔ بدھ کو میران شاہ بازار کے قریب سپلگاہ نامی علاقے میں ڈرون حملے میں 10 شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔