رسائی کے لنکس

پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سخت سیکورٹی


اس بار مختلف پبلک مقامات جیسے ریلوے اسٹیشن اور ہوائی اڈوں پر ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں بھی کی گئی ہیں جن میں رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا

پاکستان میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ ساتھ انتہائی سخت سیکورٹی اقدامات میں منگل کو عیدالاضحیٰ منائی جا رہی ہے۔ سیکورٹی اداروں نے سب سے زیادہ عید کی نماز کے اجتماعات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔

سیکورٹی اقدامات کو حتمی شکل دینے کے لئے کراچی میں پیر کی شام رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران کا مشترکہ اجلاس ہوا جس کی صدارت ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کی۔ اجلاس میں مختلف سیکورٹی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ کچھ احکامات کی حتمی منظوری بھی دی گئی۔

سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق، اس بار مختلف پبلک مقامات جیسے ریلوے اسٹیشنز اور ہوائی اڈوں پر ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کی مشقیں بھی کی گئی ہیں جن میں رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا۔

قربانی کے جانور، کھالیں
عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے ماضی میں سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم ہوتے رہے ہیں۔ لہذا، انہیں روکنے کے لئے باقاعدہ ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس کی خلاف ورزی قابل گرفت قرار دی گئی ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ کھالیں جمع کرنے والوں کو ضابطہ اخلاق پر پابندی کرانے کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں۔

سیکورٹی کی غرض سے پولیس اور رینجرز نے ہنگامی منصوبہ مرتب کیا ہے جس پر پابندی لازمی ہوگی۔

نماز کے اجتماعات
کراچی پولیس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر میں تین ہزار ایک سو تنتالیس مساجد، دو سو سات امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں اجتماعی قربانی کے 222 مقامات، کھالیں جمع کرنے کے 794 کیمپس و دیگر مقامات پر سولہ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

ان اقدامات کے ساتھ ساتھ تمام عوامی مقامات پر سادہ لباس اہلکار تعینات رہیں گے جبکہ شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ کے اضافی اقدامات کئے گئے ہیں۔

کراچی کے علاوہ ملک بھر کے تمام حساس مقامات، ایئرپورٹس، ایئر بیس اور بندرگاہوں پر بھی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے چاروں صوبائی حکومتوں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ یہ ہدایات باقاعدہ ایک مراسلے کے ذریعے دی گئیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہمہ وقت چوکنا رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اعداد و شمار
ٹینرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس سال ملک بھر میں ایک کروڑ 5 لاکھ قربانی کے جانور ذبح کئے جائیں گے جن میں 27 لاکھ گائے، 8 لاکھ دنبے، 40 لاکھ بکرے و اونٹ شامل ہیں، جبکہ اتنی ہی بڑی تعداد میں کھالیں جمع ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG