پنجاب اسمبلی کی پارٹی پوزیشن
اب تک حاصل ہونے والے غیر سرکاری نامکمل نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ نون 129 نشستوں کے ساتھ آگے ہے۔ جب کہ پاکستان تحریک انصاف 122 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ تیسری پوزیشن پر پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ اس وقت تک 34 فی صد ووٹوں کی گنتی ہوئی ہے۔
نتائج کے اعلان میں تاخیر کا الزام
پاکستان الیکشن کمیشن نے نتائج میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ غیر حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر کی وجہ نئے تیکنیکی نظام ’رزلٹ منیجمنٹ سسٹم‘ میں تفصیلات کے اندارج میں زیادہ وقت صرف ہونے کی وجہ سے ہے جسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔
کل سے نیا سورج طلوع ہوگا: شیخ رشید احمد
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ’’آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے‘‘۔
بدھ کی رات گئے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے، بقول اُن کے ’’ووٹ کو عزت ملی تو شہباز شریف کی چیخیں نکل گئی ہیں‘‘۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ اُن کی جیت ’’مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کی جیت ہے‘‘۔
اُنھوں نے کہا کہ ’’میری زندگی کا ایک ہی مقصد تھا، وہ یہ کہ نواز شریف کو شکست دینا۔‘‘
بقول اُن کے، ’’شہباز شریف ٹھیک کہتے ہیں کہ انتخابات ٹھیک نہیں ہوئے‘‘، چونکہ ’’مسلم لیگ ن نہیں جیت سکی‘‘۔
اُنھوں نے کہا کہ ’’کل سے پاکستان میں ایک نیا سورج طلوع ہوگا‘‘۔
شیخ رشید نے کہا کہ ’’آزاد خارجہ پالیسی بنائی جائے گی‘‘، اور یہ کہ ’’ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا جائے گا‘‘۔
تھر میں خواتین نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے
صحرائے تھر صوبہ سندھ کا ایک دور افتادہ اور پس ماندہ علاقہ ہے ۔ وہاں ذرائع آمد و رفت بہت محدود ہیں۔ لیکن موجودہ انتخابات میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے اور پولنگ اسٹیشنوں پر ان کی لمبی لمبی قطاریں نظر آئیں۔