مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ووٹنگ کے وقت میں کم از کم ایک گھنٹے کا اضافہ کرکے سات بجے تک ووٹ ڈالنے کی اجازت دے۔ لاہور میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین سید نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے عملے کو بھی ہدایت کرے کہ وہ ووٹنگ کا عمل تیز کرے تاکہ کوئی شہری ووٹ دینے سے محروم نہ رہ جائے۔
ملک کے مختلف حصوں سے ووٹنگ کا عمل سست ہونے اور پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ووٹرز کی طویل قطاروں کی موجودگی کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
کراچی میں پولنگ ڈے پر گہما گہمی
ہمارے نمائندے خلیل احمد نے کراچی کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور ووٹرز اور امیدواروں کے تاثرات ریکارڈ کیے۔ شہر کے بعض علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کا رش تھا جب کہ بعض مقامات پر ٹرن آؤٹ کم رہا۔
الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت بڑھانے سے انکار
الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور پولنگ شام چھ بجے کے مقررہ وقت پر ختم ہوجائے گی۔ بدھ کو الیکشن کمیشن میں ہونے والے ایک اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کی جانب سے پولنگ کا وقت بڑھانے کے مطالبے پر غور کیا گیا جس کے بعد کمیشن حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ پولنگ کا وقت نہیں بڑھایا جارہا۔ الیکشن کمیشن نے پریزائڈنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ چھ بجے تک جو افراد پولنگ اسٹیشن کی حدود میں داخل ہوجائیں انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے۔
ہزاروں مریض ووٹ دینے سے محروم
پاکستان الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران اسپتالوں میں داخل مریضوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے ووٹ ڈالنے کا کوئی انتظام نہیں کیا تھا جس کے باعث ملک بھر میں ہزاروں رائے دہندگان اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہے۔