کامیاب اُمیدواروں کے نتائج فوراً جاری کیے جائیں: سردار اختر مینگل
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعلیٰ سردار اختر مینگل نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوبے سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے نتائج فوراً جاری کرے۔
جمعرات کو اپنے آبائی علاقے وڈھ سے ٹیلی فون پر وائس آف امریکہ کے نمائندے عبدالستار کاکڑ سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صوبے کے اکثر حلقوں کے نتائج روک لیے ہیں اور یہ عمل انتخابات کے سارے عمل کو مشکوک بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں جب کمیونیکشن کے نظام نے اتنی تر قی نہیں کی تھی، پھر بھی رات 11 بجے تک نتائج جاری کردیے جاتے تھے لیکن اب جدید ٹیکنالوجی کے باوجود الیکشن کمیشن نے نتائج روکے ہوئے ہیں۔
سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی مرتب کردہ ووٹر کی فہرستیں دُرست نہیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ تلاش اور کاسٹ کرنے میں کافی وقت صرف ہوا، پولنگ مراکز کے سامنے لوگوں کی طویل قطاریں تھیں اور وقت ختم ہونے پر لوگوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مکران، تربت اور بعض دیگر علاقوں میں بی این پی کے مخالفین سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں باکسز اُٹھا کر لے گئے جب کہ کوئٹہ، لسبیلہ، قلات، مکران اور بعض دیگر علاقوں میں ابھی تک حتمی نتائج اُ میدواروں کو نہیں دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج روکنے سے یہ واضح ہورہا ہے کہ الیکشن صحیح طریقے سے نہیں ہوئے اور نہ الیکشن کمیشن کا طریقۂ کار دُرست تھا۔
سردار اختر مینگل نے کہا کہ وہ جلد کوئٹہ جائیں گے اور پارٹی کی مرکزی رہنماﺅں اور نومنتخب ارکان کا اجلاس طلب کر کے سارے انتخابی عمل کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد فیصلہ کریں گے کہ ان کی جماعت 'بی این پی' اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی یا حکومت کا حصہ بنے گی۔
سردار مینگل نے کہا کہ پارٹی کے ارکان کی کامیابی پر اُن کو زیادہ خوشی اس لیے نہیں ہے کہ رواں ماہ بلوچستان میں ہونے والے دو خودکش حملوں نے ان کی پارٹی کے کارکنوں کی تمام خوشیاں چھین لی ہیں۔
خواجہ آصف جیت گئے
پاکستان کے سابق وزیرِ خارجہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیالکوٹ کے حلقے این اے 73 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق خواجہ آصف 116957 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کے مقابل پاکستان تحریکِ انصاف کے محمد عثمان ڈار نے 115464 ووٹ حاصل کیے۔
'نیشنل پارٹی حکومت مخالف اتحاد کا حصہ بننے کو تر جیح دے گی'
نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں الیکشن نہیں بلکہ دھاندلی ہوئی ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے عبدالستار کاکڑ سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ بلوچستان میں سب سے پہلے 'باپ' (بلوچستان عوامی پارٹی) کے نام سے ایک جماعت بنائی گئی جسے کافی پروجیکٹ کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اشرافیہ کے تمام لوگ باپ کے لیے سر گرمِ عمل تھے اور اُن لوگوں کو اس پارٹی کے پلیٹ فارم پر جمع کیا گیا جو اپنی نشستیں جیت سکتے تھے۔ پھر اُن سب کی مالی مدد کی گئی۔
حاصل بزنجو نے دعویٰ کیا کہ انتخابات میں آٹھ نشستوں پر کامیاب ہونے والے ان کی جماعت کے اُمیدواروں کو نتائج نہیں دیے جا رہے۔
میر حاصل بزنجو نے بتایا کہ نیشنل پارٹی کے نمائندے اب بھی ریٹرننگ اور ڈپٹی ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں بیٹھے ہیں لیکن ان کے بقو ریٹرننگ افسران ایف سی (فرنٹیر کانسٹیبلری) کے کیمپوں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ایف سی کیمپوں میں نتائج تیار ہو رہے ہیں اور ابھی تک اُمیدواروں کو نتائج نہیں دیے گئے لیکن اعلان ہورہا ہے کہ فلاں، فلاں جیت گیا ہے۔
میر حاصل بزنجو نے دعویٰ کیا کہ سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال انتخابات ہار چکی ہیں مگر اس نشست کا نتیجہ روک لیا گیا ہے اور ان کے امیدوار کو نتیجہ نہیں دیا جارہا لیکن اعلان کیا جارہا ہے کہ زبیدہ جلال جیت گئی ہیں۔
میر حاصل بزنجو نے کہا کہ حالیہ انتخابات سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ہونے والے انتخابات سے زیادہ دھاندلی زدہ ہیں۔
وائس آف امریکہ کے اس سوال پر کہ کیا نیشنل پارٹی نئی حکومت کے خلاف بننے والے اتحاد کا حصہ بنے گی؟ میر حاصل بزنجو نے کہا کہ ابھی کچھ دیر پہلے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اُن کو فون کر کے جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے اور وہ اسلام اباد روانہ ہو رہے ہیں۔
حاصل بزنجو نے کہا کہ اجلاس میں الیکشن کے بعد کی صورتِ حال پر غور کیا جائے گا اور اس کے بعد مشترکہ حکمتِ عملی بنا کر آگے بڑھیں گے۔
کراچی میں الیکشن میں جیت کا جشن اور ہارنے والوں کا احتجاج
کراچی میں عمومی طور پر انتخابات پر امن ماحول میں ہوئے جس میں پاکستان تحریک انصاف نے شہر کی 21 میں 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کا جشن منایا جب کہ ہارنے والی جماعتوں نے نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔