رسائی کے لنکس

الیکشن کے نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہیں: اسفندیار ولی


عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے ولی باغ چارسدہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’الیکشن کے نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہیں‘‘۔ بقول اُن کے، ’’نگراں حکومت فوج اور الیکشن کمیشن نے مکمل جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے اور ان تینوں اداروں نے قوم کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ فوجی جوانوں کا رویہ انتہائی قابل افسوس ہے‘‘۔

الزام لگاتے ہوئے، اُنھوں نے کہا کہ ’’الیکشن میں منظم طریقے سے دھاندلی کے ریکارڈ قائم ہوئے۔ 6بجے کے بعد ہمارے ایجنٹس کو ایک گھنٹے کے لئے باہر نکال کر پری پول دھاندلی کی گئی۔ موبائل ویڈیوز سے بھی ظاہر ہے کہ خاص جماعت کو جتوانے کے لئے سارا ڈرامہ رچایا گیا‘‘۔

اسفدیار ولی خان نے کہا ہے کہ ’’دہشت گردی کے خطرات اور دھاندلی کے خطرے کے باجود ہم نے جمہوریت کی خاطر الیکشن میں حصہ لیا۔ ہمیں ایک سازش کے تحت ہرایا گیا، جو کہ ناقابل قبول ہے‘‘۔

اسفندیار ولی خان نے از سر نو شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے 30جولائی کو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انیوں نے کہا کہ اے این پی، مسلم لیگ ن کی طرف سے بلائے گئی اے پی سی میں شرکت کرے گی، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG