رسائی کے لنکس

عوام سے ہمیشہ سچ بولوں گا: عمران خان


عمران خان (فائل فوٹو)
عمران خان (فائل فوٹو)

انھوں نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کریں گے، پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوئی جائیدار اور دولت ملک سے باہر نہیں ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ ووٹ لینے کے لیے عوام سے جھوٹ نہیں بولیں گے۔

ہفتہ کو لاہور میں اپنی جماعت کے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے لوگوں سے خود بھی کچھ عہد کیے اور جلسے میں موجود لوگوں سے بھی کچھ وعدے لیے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ ہمیشہ قوم سے سچ بولیں گے اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے نیے صوبوں کے جھوٹے وعدے نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ملک میں ڈرون حملوں کی مذمت کریں گے تو امریکہ سے بھی اسی انداز میں مذمت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت میں شامل ماہرین نے ملک کی ’تقدیر‘ سنوارنے کے لیے پالیسیاں مرتب کی ہیں۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ اقتدار سے نہ تو وہ خود فائدہ اٹھائیں گے اور نہ ہی اپنے کسی دوست، رشتے دار کو ایسا کرنے دیں گے۔

انھوں نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کریں گے، پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوئی جائیدار اور دولت ملک سے باہر نہیں ہو گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں ظلم کے خلاف جہاد کریں گے اور اپنے کارکنوں سے بھی وعدہ لیا کہ وہ ان کے ساتھ ظلم کا مقابلہ کریں گے۔ انھوں نے کارکنوں سے عہد لیا کہ تبدیلی کے لیے رضاکار بن کر گھر گھر جائیں گے۔

ملک کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ مینار پاکستان پر ہونے والے اس جلسے میں شریک تھے لیکن جب عمران خان اپنی تقریر کررہے تھے تو تیز بارش کے ساتھ ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں۔

عمران خان نے اپنے کارکنوں سے کہا کہ اگر وہ اپنے وعدوں پر عمل نہ کرسکے تو وہ انھیں پارٹی کی قیادت سے ہٹا دیں۔

پاکستان میں آئندہ عام انتخابات 11 مئی کو ہونے جارہے ہیں اور عمران خان کے بقول ان کی جماعت اس میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
XS
SM
MD
LG