رسائی کے لنکس

بیٹے کی بحفاظت بازیابی معجزہ ہے: سابق وزیراعظم


علی حیدر گیلانی اپنے بہن بھائیوں کے ہمراہ
علی حیدر گیلانی اپنے بہن بھائیوں کے ہمراہ

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے اغواکاروں کی تحویل میں رہتے ہوئے اپنی یاداشتوں کو قلم بند بھی کیا تھا لیکن ان کے بقول اس مواد کو (اغوا کاروں نے) جلا دیا۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے مغوی بیٹے کی بحفاظت بازیابی کو معجزہ قرار دیا ہے۔

علی حیدر گیلانی کو تین سال قبل ملتان کے مضافات سے اغوا کیا گیا تھا اور ان کی رہائی منگل کو افغان صوبہ پکتیکا میں امریکی اور افغان فورسز کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران عمل میں آئی تھی۔

جمعرات کو لاہور میں اپنے والد یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ بازیابی کے بعد پہلی مرتبہ پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی گیلانی نے ان تمام لوگوں کو شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی رہائی کے دعائیں اور کوششیں کیں۔

انھوں نے اغوا کاروں کی تحویل میں گزرے وقت کا تذکرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک لمبی کہانی ہے۔"

یوسف رضا گیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ " یہ (علی گیلانی) معجزانہ طور پر آئے ہیں، کوئی امید نہیں تھی۔"

انھوں نے اغوا کاروں کے کسی طرح کے مطالبات تسلیم کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب کچھ یوں دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ پاکستان کا شراکت دار ہے اور خطے میں استحکام کے لیے امریکہ کام کر رہا ہے اور "اس جذبے کے تحت انھوں نے (یہ کارروائی) کی ہے۔"

"یہ جو مشترکہ آپریشن ہوا ہے (امریکہ اور افغان فورسز کا) میں ان کا مشکور ہوں اس میں القاعدہ کے کئی اہم ہدف تھے جنہیں مار دیا گیا۔"

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے اغواکاروں کی تحویل میں رہتے ہوئے اپنی یاداشتوں کو قلم بند بھی کیا تھا لیکن ان کے بقول اس مواد کو (اغوا کاروں نے) جلا دیا۔

XS
SM
MD
LG