رسائی کے لنکس

ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن کا برقرار رکھنا چیلنج ہو گا: مصباح


مصباح الحق نے کہا کہ "پہلی پوزیشن پر براجمان ہونا بہت ہی خاص ہے۔ ہم اسے بہت عرصے تک یاد رکھیں گے۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس پوزیشن کو برقرار رکھنا ہمارے لیے چیلنج ہو گا۔"

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ عالمی درجہ بندی میں ان کی ٹیم کا سرفہرست ہونا بہت ہی خاص ہے اور ایک عرصے سے وہ چاہتے تھے کہ ان کا ملک یہ پوزیشن حاصل کرے۔

پاکستان گزشتہ ماہ کرکٹ کی عالمی تنظیم "آئی سی سی" کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تھا اور بدھ کو تنظیم کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے صف اول کی ٹیم کے لیے خصوصی گرز "ٹیسٹ میث" قذافی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں مصباح الحق کے حوالے کیا۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بہت سے کھلاڑیوں نے انفرادی طور پر بہت اچھی کارکردگی دکھائی لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ بالآخر یہ پوری ٹیم کی مشترکہ محنت ہوتی ہے جو "اس طرح کی کامیابی دلاتی ہے۔"

"پہلی پوزیشن پر براجمان ہونا بہت ہی خاص ہے۔ ہم اسے بہت عرصے تک یاد رکھیں گے۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس پوزیشن کو برقرار رکھنا ہمارے لیے چیلنج ہو گا۔"

ان کے بقول ایک ایسی ٹیم کے لیے یہ پوزیشن حاصل کرنا اس وقت اور بھی خاص ہو جاتا ہے جب اس نے گزشتہ سات سالوں میں کوئی بھی ٹیسٹ میچ اپنے ملک میں نہ کھیلا ہو۔

مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم پاکستان نہیں آئی اور اس ملک کو اپنی تمام سیریز کی میزبانی متبادل میدان کے طور پر متحدہ عرب امارات میں کرنا پڑی۔

ڈیوڈ رچرڈسن نے پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے مصباح الحق کی بطور ٹیم کیپٹن تعریف کی۔

"بہت سی ٹیموں میں بہت سا ٹیلنٹ ہے لیکن وہ کبھی پہلی پوزیشن پر نہیں پہنچ سکیں، اس کی وجہ قیادت کا فقدان ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں مصباح الحق ہی بڑی وجہ ہیں کہ پاکستان اس پوزیشن پر پہنچا۔"

مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی کی اس ٹرافی کو حاصل کرنا ان کے لیے ایک خواب رہا ہے۔

"ایسا نواں بین الاقوامی کپتان ہونا جس نے کھیل کے اس روایتی شعبے میں یہ اعزاز حاصل کیا بہت ہی فخر کا مقام ہے۔ یہ میث ہر اس شخص کی محنت اور کوششوں کا ثمر ہے جو گزشتہ چند برسوں میں اس گروپ میں شامل رہا۔"

آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقہ کے بعد پاکستان اور پانچواں ملک ہے جو آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا اور مصباح الحق یہ خصوصی گرز حاصل کرنے والے نویں کپتان ہیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے اسٹیو وا، رکی پونٹنگ، مائیکل کلارک، اسٹیو اسمتھ، بھارت کے مہندرا سنگھ دھونی، انگلینڈ کے اینڈریو اسٹراس اور جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ اور ہاشم آملہ اپنی ٹیموں کے لیے "ٹیسٹ میث" حاصل کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG