رسائی کے لنکس

گرمی کی حالیہ شدید لہر موسمیاتی تبدیلی کا شاخسانہ: وفاقی وزیر


وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کراچی اور صوبہ سندھ کے دوسرے جنوبی شہروں میں جون کے مہینے میں درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافے کی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں ہیں۔

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تغیرات مشاہد اللہ خان نے ملک کے جنوبی صوبہ سندھ کے سب سے بڑے شہر کراچی میں حالیہ گرمی کی شدید لہر سے ہونے والی ہلاکتوں کی وجہ خطےمیںہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ ہفتے سے کراچی اور صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جس کی وجہ سے اب تک 1000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مشاہداللہ خان نے وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کراچی اور صوبہ سندھ کے دوسرے جنوبی شہروں میں جون کے مہینے میں درجہ حرارت میں معمول سے زیادہ اضافے کی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں ہیں جس سے حالیہ چند سالوں کے دوران پاکستان بری طرح متاثرہوتا آ رہا ہے۔

’’یہ جو کراچی میں ہوا ہے یہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوا ہے ۔۔۔۔ دہشت گردی اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے جتنا بڑا موسمیاتی تبدیلی ہے اور موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دنیا تباہی کے دہانے پر ہے اور ہم نے اس کے خلاف حفاظتی اقدمات لینے ہیں جو بہت ہی مہنگے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ پاکستان نہیں لیکن اُن کے بقول اس کے باوجود سے اس کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو اس سے سنگین طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔

’’آج ساری دنیا موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر ہے اس عالمی حدت میں اضافے میں ہمارا کوئی کردار نہیں ہے لیکن ہم ان 10 ممالک میں تیسرے نمبر پر ہیں جو اس کا شکار ہے۔‘‘

مشاہداللہ خان نے کہا کہ اس سال مارچ، اپریل میں شمال مغربیصوبہ خیبر پختونخواہ میںاچانک ہونے والی غیر معمولی بارشوں سے 50 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ان کے بقول یہ امر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستانغیر معمولی موسمیاتی تغیر کی لپیٹ میں ہے۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پاکستان کی سرحد سے ملحقہ بھارتی ریاست راجھستان میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر ممکنہ طور کراچی کا درجہ حرارت بڑھنے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت اس کی تحقیق کرے گی۔

گزشتہ ماہ بھارت کے شمالی اور شمال مغربی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے جس سے لگ بھگ 3,000افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان گزشتہ چند سالوں کے دوران غیر معمولی موسمی تغیر کا شکار ہے جس کی وجہ سے ملک کو غیر معمولی بارشوں، شدید سیلاب اور خشک سالی کا سامنا رہا ہے۔

مشاہداللہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک کے لیے امیر ترقی یافتہ ممالک کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیوںکہ ان کے بقول موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجوں سے نمٹنا اتنا آسان نہیں ہے اور اس کے حفاظتی اقدام بہت مہنگے ہیں۔

XS
SM
MD
LG