رسائی کے لنکس

یومِ آزادی: واہگہ سرحد پر پرچم کشائی کی تقریب


واہگہ سرحد پر تعینات پاکستان رینجرز پنجاب کے مطابق سرحد پر لہرایا جانے والا پرچم جنوبی ایشیا کا اب تک کا بلند ترین پرچم ہے جس کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 80 فٹ ہے۔

پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے بھارت کےساتھ پاکستانی سرحد واہگہ پر پاکستانی پرچم لہرادیا گیا ہے جو حکام کے مطابق جنوبی ایشیا کا بلند ترین پرچم ہے۔

پرچم لہرانے کی تقریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب ہوئی جس میں پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

واہگہ سرحد پر تعینات پاکستان رینجرز پنجاب کے مطابق سرحد پر لہرایا جانے والا پرچم جنوبی ایشیا کا اب تک کا بلند ترین پرچم ہے جس کی لمبائی 120 فٹ اور چوڑائی 80 فٹ ہے۔

پنجاب رینجرز کے مطابق پاکستانی پرچم 400 فٹ اونچے لوہے کے مضبوط پول پر لہرایا گیا، جسے خصوصی طور پر بنوایا گیا ہے۔

اتوار کی شب پرچم لہرانے کی تقریب میں اعلٰی فوجی افسران، اسکولوں کے بچے اور شہری شریک ہوئے۔

تیرہ اور چودہ اگست کی درمیانی شب رات بارہ بجتے ہی آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے بٹن دبا کر سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی پرچم بھارتی شہر امرتسر اور دیگر علاقوں سے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ سبز ہلالی پرچم اپنے اونچے پول اور سائز کے باعث پاکستانی علاقے میں بھی 15 کلومیٹر دور سے نظر آتا ہے۔

اس سے قبل رواں سال بھارت نے بھی واہگہ اٹاری بارڈر پر اپنی حدود میں 360 فٹ لمبے پول پر اپنا پرچم لہرایا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اٹاری سرحد پر لہرائے جانے والے ایک بھارتی پرچم کی لاگت سوا لاکھ بھارتی روپے ہے۔ پاکستان کے سرحدی حکام کا دعویٰ ہے کہ اٹاری سرحد پر لہرایا جانے والا بھارت کا یہ جھنڈا تیز ہواؤں کی وجہ سے تین مرتبہ پھٹ بھی چکا ہے۔

XS
SM
MD
LG