رسائی کے لنکس

نوشہرہ: جلوزئی کیمپ میں بم دھماکا، 13 ہلاک


دھماکا مہاجر بازار کے قریب ہوا اور اطلاعات کے مطابق قریب ہی راشن تقسیم کیا جا رہا تھا جہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں ’جلوزئی‘ کیمپ کے قریب جمعرات کو ایک طاقتور بم دھماکے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔

مہاجر بازار کے علاقے میں جس وقت یہ دھماکا ہوا تو وہاں قریب ہی راشن تقسیم کیا جا رہا تھا جہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

مقامی پولیس کے ایک افسر بہروز خان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک گاڑی میں رکھے تقریباً 35 کلوگرام بارودی مواد میں دھماکا کیا گیا جس سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

جلوزئی کیمپ افغان مہاجرین کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن دہشت گردی کے باعث پاکستان کے قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے خاندان بھی یہاں مقیم ہیں۔

مرنے والوں میں ایک پولیس اہلکار، دو بچے اور غیر سرکاری امدادی تنظیم کی ایک خاتون کارکن بھی شامل ہے۔

سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
XS
SM
MD
LG