رسائی کے لنکس

کراچی میں رینجرز کی قیادت میں ’ٹارگٹڈ آپریشن‘ کا فیصلہ


وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان خراب کرنے والوں سے حکومت سختی سے پیش آئے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں رینجرز کی زیر قیادت شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت بدھ کو کراچی میں بدامنی کی صورت حال پر ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بتایا کہ اس کارروائی میں پولیس رینجرز کی مدد کرے گی۔

اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے فراہم کردہ فہرستوں میں نامزد ملزمان کے خلاف یہ کارروائی کی جائے گی۔

خصوصی اجلاس میں کابینہ کے ارکان کے علاوہ سندھ کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور گورنر عشرت العباد کے علاوہ قانون نافذ کرنے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

بدھ کی صبح کراچی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان خراب کرنے والوں سے حکومت سختی سے پیش آئے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

انھوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں، تاجر اور کاروباری برادری کے نمائندوں کے علاوہ شہر میں سکیورٹی کے اعلیٰ حکام سمیت متعلقہ فریقوں سے بات چیت کی گئی ہے تاکہ امن و امان کے قیام کے سلسلے میں درست فیصلے کیے جا سکیں۔

اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں میں امن و امان کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری صوبائی حکومتوں کی ہے اور وفاقی حکومت یہ کہہ چکی ہے کہ امن و امان کی بحالی کے لیے وفاق تمام صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کرے گی۔
XS
SM
MD
LG