رسائی کے لنکس

سندھ: ٹریفک حادثے کے ہلاک شدگان کی میتیں آبائی علاقوں کو منتقل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیر پور پولیس کے سربراہ ناصر آفتاب پٹھان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثے کی وجہ سڑک کی خستہ حالی تھی۔

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے شہر خیر پور میں منگل کو مسافر بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والے تصادم میں ہلاک ہونے والے مسافروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں۔

اس ٹریفک حادثے میں 57 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق خیبر پختونخواہ کے شہر سوات سے تھا۔

پولیس کے مطابق ان میں سے 46 افراد کی میتوں کو سوات اور باقی کو کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری طرف پولیس نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

خیر پور کے پولیس کے سربراہ ناصر آفتاب پٹھان نے بدھ کو وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ابتدائی تفتیس کے مطابق حادثے کی وجہ سڑک کی خستہ حالی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سڑک پر گہرا گڑھا بھی تھا جس کی وجہ سے بس سرک کر سڑک کے دوسری جانب مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ موٹر وے پولیس کی طرف سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کی توجہ سڑک کی خراب صورتحال کی طرف دلانے کے باوجود بھی اس کی مرمت کرنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ان کے بقول پولیس کی طرف سے اس حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور جو بھی اس کا ذمہ دار ہو گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گئی۔

پاکستان میں سڑکوں کی خستہ حالی اور گاڑیوں کی مناسب دیکھ بھال کے فقدان اور ڈرائیوروں کی غفلت کے باعث ٹریفک حادثات معمول ہیں جس سے ہر سال ہزاروں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG