رسائی کے لنکس

پشاور: گرڈ اسٹیشن پر حملے میں سات افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شدت پسندوں نے گرڈ اسٹیشن کے مختلف حصوں اور آلات کو نقصان پہنچایا جس سے پشاور اور گرد و نواح کے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ حکام کے مطابق اب بھی چار افراد لاپتہ ہیں۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں مشتبہ شدت پسندوں کی طرف سے ایک گرڈ اسٹیشن پر حملے کے بعد اغوا کیے جانے والے نو افراد میں سے پانچ کی لاشیں منگل کی صبح برآمد ہوئیں جس سے اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں چار واپڈا کے ملازمین جب کہ تین پولیس اہلکار ہیں۔ حکام کے مطابق اب بھی چار افراد لاپتہ ہیں

پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں پیر کو رات دیر گئے شدت پسندوں نے بجلی فراہم کرنے والے ادارے واپڈا کی ایک تنصیب پر پہلے راکٹ داغے اور بعد ازاں عمارت میں گھس کر وہاں موجود دو افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جب کہ دیگر نو افراد کو اغوا کر کے لیے گئے۔

شدت پسندوں نے گرڈ اسٹیشن کے مختلف حصوں اور آلات کو نقصان پہنچایا جس سے پشاور اور گرد و نواح کے علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

پولیس کے مطابق اغوا کیے جانے والے نو افراد میں سے پانچ کی لاشیں منگل کی صبح شیخ محمدی کے علاقے سے برآمد ہوئیں۔

اس واقعے کے خلاف پشاور میں واپڈا کے ملازمین نے منگل کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

قبائلی علاقوں سے ملحقہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں حالیہ مہینوں کے دوران تشدد کی لہر میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس دوران شدت پسندوں کی طرف سے سکیورٹی فورسز، سیاسی رہنماؤں اور سرکاری املاک پر ہلاکت خیز حملے کیے جاتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG