رسائی کے لنکس

باجوڑ: ممکنہ فوجی آپریشن کے باعث پانچ دیہاتوں سے نقل مکانی


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

مقامی لوگوں کے مطابق قبائلی انتظامیہ کی طرف سے مساجد میں لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے اعلانات کر کے آبادی کو محفوظ مقامات میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

قبائلی علاقے باجوڑ کے افغان سرحد سے ملحقہ دیہاتوں سے مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے خلاف ممکنہ کارروائی کے پیش نظر قریبی علاقوں کو منتقل ہونا شروع کر دیا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق قبائلی انتظامیہ کی طرف سے مساجد میں لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے اعلانات کر کے آبادی کو محفوظ مقامات میں منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

گزشتہ ہفتے ہی سرحد پار افغانستان سے مشتبہ شدت پسندوں نے باجوڑ میں گھس کر سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا تھا جس میں ایک افسر سمیت تین اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

اس سے قبل بھی باجوڑ میں سرحد پار سے آنے والے شدت پسند ایسی ہی ہلاکت خیز کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔

پاکستان نے پہلے اور اس تازہ حملے پر بھی افغانستان سے باضابطہ طور پر احتجاج کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ افغان حکومت اپنی اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے موثر اقدامات کرے۔

بظاہر ان ہی واقعات کے تناظر میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے سرحدی علاقوں میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ابتدائی طور پر پانچ سرحدی دیہاتوں نختر، کِٹ کوٹ، غاکھے، گوہاٹی اور مُلا کلے سے آبادی نے مرکزی قصبے کھار کی طرف منتقلی شروع کر دی ہے۔

نختر گاؤں سے تعلق رکھنے والے محمد یونس نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’’بچے، عورتیں سب سے ہی نکل رہے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ نقل مکانی کے لیے بہت ہی کم وقت مں انھوں نے تیاری کی اور گھر بار چھوڑ کر دوسری جگہ جانے کا مرحلہ انتہائی تکلیف دہ اور دشوار تھا۔

تاحال اس تازہ نقل مکانی کے لیے کسی بھی طرح کا سرکاری انتظام نہیں کیا گیا اور نہ اس بارے میں کوئی حکومتی اعلان سامنے آیا ہے۔

گزشتہ ماہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی شروع ہونے کے بعد وہاں سے پہلے ہی نقل مکانی کرنے والے لگ بھگ نو لاکھ خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں عارضی طور پر مقیم ہیں۔

ان افراد کے لیے بھی ناکافی انتظامات اور اندراج سے متعلق شکایات آئے روز منظر عام پر آتی رہتی ہیں اور ایسے میں باجوڑ سے ہونے والی تازہ نقل مکانی مزید مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔

تاہم وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ان بے گھر افراد کی امداد اور ان کے قیام کو ہر ممکن حد تک بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل اور کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG