پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں برسراقتدار پاکستان پیپلز پارٹی نے مراد علی شاہ کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے جب کہ موجودہ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔
منگل کو کراچی میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہوا جس میں قائم علی شاہ نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کروا دیا اور بدھ کو وہ اپنا استعفیٰ گورنر سندھ کو پیش کریں گے۔
اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات مولابخش چانڈیو نے صحافیوں کو بتایا کہ صوبائی کابینہ میں بھی ردوبدل کی جا رہی ہے اور جلد ہی اس کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے لیے پارٹی میں کچھ عرصے سے مشاورت جاری تھی اور صوبے میں "زیادہ باہمت اور پرجوش قیادت کی ضرورت تھی۔"
قائم علی شاہ پیپلزپارٹی کے دیرینہ رکن ہیں اور ان کی طرف سے یہ کہا جا چکا تھا کہ وہ وزارت اعلیٰ سے متعلق انھیں اپنی جماعت کی قیادت کا فیصلہ منظور ہو گا۔
قائم علی شاہ 2008ء اور پھر 2013ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی پیپلزپارٹی کی حکومت کے صوبائی سربراہ رہے جب کہ 1988ء میں بھی وہ صوبائی وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔
مراد علی شاہ کے پاس اس وقت صوبائی وزارت خزانہ کا قلمدان ہے۔ ان کے والد عبداللہ شاہ بھی سندھ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔