پاکستان کی وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔جس میں پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر پیٹرولیم مصںوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رات کو قوم سے خطاب میں اعلان کیا کہ پیر کی رات 12 بجے سے آئندہ 15 دن کےلیے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے پیٹرول 282 روپے کے بجائے 270 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جو اب 288 روپے سے کم ہوکر 258 روپے میں دستیاب ہوگا۔
اعلان کے مطابق مٹی کے تیل پر 12 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کی نئی قیمت 176 روپے 7 پیسے کم ہو کر 164 روپے 7 پیسے ہوگی۔
لائٹ ڈیزل آئل پر 12 روپے کمی کی گئی ہے، جو 164 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 152 روپے 68 پیسے پر فروخت کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز سے بھی کرایوں میں کمی کرنے کی اپیل کی۔