پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی ہے۔
نواز شریف کی نا اہلی کے بعد گزشتہ ہفتے شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالا تھا، جس کے بعد آرمی چیف کی اُن سے یہ پہلی ملاقات تھی۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، اس ملاقات میں پاکستانی فوج کے پیشہ وارانہ اُمور پر تبادلہٴ خیال کیا۔
بیان کے مطابق، شاہد خاقان عباسی نے آپریشن ردالفساد اور خیبر 4 سمیت انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی جب سابق وزیر اعظم نواز شریف بدھ کو ’جی ٹی روڈ‘ کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور جانے کا اعلان کر چکے ہیں۔
فوج کے سربراہ سے ملاقات کے بعد، شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے 28 جولائی سپریم کورٹ پاناما کیس سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا تھا، جس کے بعد وہ اپنے منصب سے سبکدوش ہو گئے تھے۔
بعد ازاں، مسلم لیگ (ن) نے شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمٰی کے لیے منتخب کیا اور گزشتہ ہفتے اراکین قومی اسمبلی کی بھاری اکثریت نے اُنھیں بطور وزیر اعظم منتخب کر لیا۔